قومی اسمبلی میں اپوزیشن کا صحافی مطیع اللہ جان کے لاپتا ہونے کے معاملے پر احتجاجاً واک آؤٹ

02:58 PM, 21 Jul, 2020

نیا دور
قومی اسمبلی میں اپوزیشن نے سینئر صحافی مطیع اللہ جان کے مبینہ طور پر لاپتا ہونے کے معاملے پر احتجاجاً واک آؤٹ کیا۔

پیپلزپارٹی کے رہنما سید نوید قمر نے ایوان میں اسلام آباد سے مبینہ طور پر لاپتا کیے جانے والے صحافی مطیع اللہ جان کے معاملے پر توجہ دلائی۔ اس دوران پارلیمنٹ کی پریس گیلری میں موجود صحافیوں نے بھی احتجاجاً واک آؤٹ کیا۔

اس حوالے سے نوید قمر نے کہا کہ صحافی مطیع اللہ جان کو لاپتہ کیے جانے کا واقعہ کسی فرد واحد کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ میڈیا کو خاموش کرانے کا حربہ ہے۔ یہ واقعہ ہمارے لیے باعث شرمندگی ہے۔

نوید قمر نے کہا کہ ہم صحافی مطیع اللہ جان کے مبینہ طور پر لاپتا کیے جانے کی مذمت کرتے ہیں اور احتجاجاً واک آؤٹ کر رہے ہیں۔

علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور پارلیمانی لیڈر خواجہ آصف نے کہا کہ میڈیا کی آزادی جمہوریت کا حسن ہے، آئین میں بھی آزادی صحافت ایک بنیادی حقوق ہے۔

بعدزاں وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری سے درخواست کی کہ وہ وزارت داخلہ سے معاملے پر جواب طلب کرلیں۔

واضح رہے کہ سینئر صحافی مطیع اللہ جان اسلام آباد سے مبینہ طور پر لاپتا ہوگئے اور اس بات کی تصدیق ان کے اہلیہ نے بھی کردی۔ رپورٹس میں بتایا گیا کہ مطیع اللہ جان کی گاڑی اسلام آباد کے سیکٹر جی 6 میں اسکول کے باہر کھڑی تھی اور اس میں ان کا ایک موبائل فون بھی موجود تھا۔ اطلاع ملنے کے بعد پولیس اسٹیشن آبپارہ کی نفری مذکورہ مقام پر پہنچی، سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) عمر خان اور دیگر پولیس افسران بھی موقع پر موجود تھے۔
مزیدخبریں