فواد چوہدری نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں معافی مانگ لی

11:17 AM, 21 Jul, 2023

نیا دور
سابق پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں الیکشن کمیشن سے معافی مانگ لی اور کہا کہ اس وقت پارٹی کا ترجمان تھا اور پارٹی کی پوزیشن بیان کی تھی۔

چیف الیکشن کمشنر کے سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے سابق پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کی۔

فواد چوہدری اپنے وکیل فیصل چوہدری کے ہمراہ پیش ہوئے۔ دوران سماعت فواد چوہدری نے ذاتی حیثیت میں الیکشن کمیشن سے معذرت کرتے ہوئے کہا میری معذرت قبول کریں اور شو کاز نوٹس واپس لے لیں۔

سابق رہنما کا کہنا تھا کہ پارٹی ایک ادارہ ہے۔میں ان کا ترجمان تھا ۔ ذاتی حیثیت میں معذرت کر سکتا ہوں۔ میں قانونی کیسز میں نہیں پڑنا چاہتا۔ آپ کے لیے احترام ہے۔ اس وقت پارٹی کی پوزیشن تھی جو میں بیان کی۔

جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پارٹی چیف آپ سے قتل کرائیں تو کیا آپ کریں گے؟ جس پر فواد چوہدری نے جواب دیا کہ میں ایسا نہیں کروں گا۔

چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ پارٹی چیئرمین کو ئی غلط بات کرے تو کیا مان لیں گے؟  آپ کی جماعت نے کمیشن اور میری ذات کے حوالے سے کیا کیا نہیں کہا۔ میری بیوی کے بارے میں اوپن جلسے میں کہا گیاپھر میڈیا پرمکر بھی گئے۔ ماحول ہم نے ہی ٹھیک کرنا ہے۔

فواد چوہدری نے معافی مانگتے ہوئے کیس ختم کرنے کی استدعا کی۔جس پر الیکشن کمیشن نے تحریری معافی نامہ جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت یکم اگست تک ملتوی کردی۔
مزیدخبریں