پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سینئر رہنما عثمان کاکڑ انتقال کر گئے

09:06 AM, 21 Jun, 2021

نیا دور
پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سینئر رہنما عثمان خان کاکڑ  انتقال کر گئے۔


سیکرٹری اطلاعات پی کے میپ رضامحمدرضا نے عثمان کاکڑ کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ عثمان کاکڑ کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے جو چند لمحے قبل انتقال کر گئے۔

عثمان کاکڑ کے ذاتی معالج ڈاکٹر صمد پنزئی نے  بتایا کہ کوئٹہ میں واقع ان کی رہائش گاہ پر انہیں سر میں چوٹ آئی تھی اور 30 منٹ کے اندر ہی انہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا جہاں ان کا آپریشن کیا گیا اور انہیں وینٹیلیٹر پر رکھا گیا تھا۔ بعد ازاں انہیں خصوصی ایئر ایمبولینس میں کراچی کے آغا خان یونیورسٹی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج آج ان کا انتقال ہوگیا۔

ڈاکٹر صمد پنزئی نے بتایا کہ ان کی موت کی وجہ ان کے دماغ میں چوٹ ہے جس کی وجہ سے خون جمع ہوگیا تھا۔ یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ عثمان کاکڑ کو کیسے چوٹ لگی اور ان کے اہل خانہ کو وہ ڈرائنگ روم میں قالین پر ملے تھے اور ان کے سر سے خون بہہ رہا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ عثمان کاکڑ کی نعش کو قانونی چارہ جوئی کے لیے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کیا جارہا ہے اور ان کی آخری رسومات کراچی میں ہی ادا کی جائیں گی جس کے بعد انہیں ان کے آبائی شہر کوئٹہ منتقل کیا جائے گا جو ان کی آخری آرام گاہ ہوگی۔

واضح رہے کہ عثمان کاکڑ مارچ 2015 میں ایوان بالا کے لیے منتخب ہوئے تھے اور مارچ 2021 میں ان کی مدت ختم ہونے تک وہ سینیٹر رہے تھے۔
مزیدخبریں