وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے ملاقات کی جس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے امریکی سفیر کو ملک کی معاشی صورت حال سے آگاہ کیا اور آئی ایم ایف سے معاہدے کیلئے کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے وزیر خزانہ کو آئی ایم ایف سے معاہدے کیلئے تعاون کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ آئی ایم ایف سے پروگرام کی بحالی کیلئے بات چیت کریں گے۔
https://twitter.com/FinMinistryPak/status/1671407994393722881?s=20
اس سے قبل وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے برطانیہ کے خارجہ، دولت مشترکہ اور ترقیاتی آفس کے وزیر مملکت انڈریو مچل سے ورچوئل ملاقات کی۔
وزیر خزانہ نے برطانوی وزیر کو آئی ایم ایف کے ساتھ 9ویں جائزے پر مذاکرات میں ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا اور بتایا کہ پاکستان نے تمام پیشگی اقدامات بروقت مکمل کر لئے ہیں اور بڑے اقتصادی اعشاریوں کے حوالے سے مسلسل ترقی کر رہا ہے۔
انہوں نے موجودہ حکومت کی جانب سے مشکل معاشی حالات میں کئے جانے والے عملی معاشی فیصلوں اور حکومت کی جانب سے حالیہ بجٹ کے ذریعے عوام کی سماجی اور معاشی بہتری کے لئے تجویز کئے گئے اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
برطانیہ کے وزیرمملکت نے کہاکہ حکومت پاکستان مختلف پالیسی اصلاحات کے ذریعے معاشی استحکام لانے کے لئے کام کررہی ہے جو خوش آئند ہے۔ انہوں نے برطانوی حکومت کی جانب سے پاکستان کو مسلسل حمایت اور مدد کا یقین بھی دلایا۔
ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ سٹاف لیول معاہدے کے لیے مدد مانگ لی۔ اسی دوران برطانوی وزیر نے وزیر خزانہ کو آئی ایم ایف سے معاہدے کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرا دی۔
https://twitter.com/FinMinistryPak/status/1671132639443701761?s=20
واضح رہے پاکستان کے اسٹاف لیول معاہدے کے لئے آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کامیاب نہ ہو سکے۔معاہدہ ختم ہونے میں صرف 10 روز باقی ہیں۔
ذرائع وزارت خزانہ نے بتایا تھا کہ آئی ایم ایف کو ایکسٹرنل فنانسنگ اور بجٹ پر تحفظات دور کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے۔ مذاکرات کامیاب نہ ہونے کے بعد وزیرخزانہ نے مختلف ممالک کے سفیروں سے ملاقاتیں کی۔
وزیر خزانہ نے مختلف ممالک کے سفیروں کو آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات سے آگاہ کیا۔ وزیرخزانہ کی سفارش پر مختلف ممالک کے سفیر بھی آئی ایم ایف سے بات چیت کریں گے۔