وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوا جس میں 15 مئی کو ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی۔
وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے ’کامیاب جوان‘ پروگرام کی منظوری دی ہے جس کے تحت نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کیے گئے ہیں، اس پروگرام میں خواتین کے لیے 25 فیصد کوٹا رکھا گیا ہے، بینک پانچ لاکھ تک چھ فیصد اور پانچ سے پچاس لاکھ تک آٹھ فیصد شرح سود پر قرض دیں گے۔
بعد ازاں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کا وڈیو بیان میں کہنا تھا کہ ملک بھر کے نوجوانوں کے لیے اچھی اور بڑی خبر ہے کہ وزیراعظم کے بعد کابینہ نے بھی کامیاب جوان پروگرام کی توثیق کردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود "کامیاب جوان" پروگرام کے لیے 100 ارب روپیہ مختص کردیا گیا ہے، کابینہ سے خطیر رقم کی منظوری نوجوانوں کی بڑی کامیابی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ 8 ماہ کی انتھک محنت کے بعد جامع پروگرام تشکیل دیا گیا ہے، 10 لاکھ نوجوان براہ راست اس پروگرام سے مستفید ہو سکیں گے، اس پروگرام سے وزیراعظم کا نوجوانوں کو بااختیار بنانے کا مشن آگے بڑھائیں گے۔
عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ نوجوان حکومتی منصوبے سے فائدہ اٹھانے کے لیے تیار ہوجائیں، یہ پروگرام ملک کے نوجوانوں کی قسمت بدل سکتا ہے۔