اپنے بیان میں حسن مرتضی نے کہا کہ محکمہ گندم کی خریداری کے نام پر کسانوں کے گھروں سے زبردستی گندم اٹھا رہا ہے، جہاں چند من گندم بھی دیکھتے ہیں وہاں لوٹ مار مچانے پہنچ جاتے ہیں، گندم کا بحران پیدا کر کے اب کسانوں پر حملہ آور ہے، جو صوبہ پورے ملک کو گندم اور خوارک فراہم کرتا تھا آج وہ خود خوراک کی قلت کا شکار ہے۔
حسن مرتضی نے کہا کہ پنجاب حکومت کی کسان دشمن پالیسیوں کی وجہ سے گندم خریداری کا ہدف پورا نہیں ہو رہا، نیازی اور بزدار نے اپنے مالی سہولت کاروں کو نوازنے کیلئے گندم کا بحران پیدا کیا، سبسڈی کسان کو دینے کے بجائے کرپٹ حکمران ٹولے نے اپنے دوستوں کو نوازا۔ ناقص زرعی پالیسی کی وجہ سے کسان کو کنگال کر دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اپنے مالی سہولت کاروں کو نوازنے کے بجائے کسان کو سبسڈی دی جاتی تو آج گندم وافر ہوتی، اب ہدف پورا نہیں ہو رہا تو کسانوں کی گھروں پر ڈاکے ڈالے جا رہے ہیں۔