11 دن میں اسرائیل نے 240 فلسطینی قتل، 90 ہزار لوگ بے گھر کیے: عالمی نشریاتی ادارے کی خوفناک رپورٹ

02:26 PM, 21 May, 2021

نیا دور
اسرائیل اور حماس کے درمیان 11 دن تک جاری رہنے والے حملوں کے بعد جنگ بندی کر دی گئی۔  فلسطین پر 11 دن تک جاری رہنے والے حملوں میں 240 سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ 1900 سے زائد زخمی ہوئے۔ شہید ہونے والوں میں 65 بچے بھی شامل ہیں۔

معروف جریدے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق تقریباً 90000 فلسطینی اسرائیلی جارحیت کے ان حملوں کے باعث بے گھر ہوئے جبکہ اسرائیلی حملوں میں 1800 گھروں کو تباہ کر دیا گیا۔ اسرائیلی فورسز کی جانب سے کاروائی میں میں تقریباً 74 سرکاری عمارات جبکہ الجزئرہ سمیت 33 میڈیا سنٹرز کو بھی تباہ کیا گیا۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق 2008 سے لیکر اب تک اسرائیل نے فلسطین کی سرزمین پر چار جنگیں کیں ، جس میں 40000 افراد ،ان میں زیادہ ترعام شہری ہلاک ہوئے۔ غزہ پر اسرائیل کی تازہ ترین کارروائیوں کے دوران اسرائیلی حملوں نے کم از کم 51 تعلیمی اداروں کو نقصان پہنچایا ، جن میں 46 اسکول ، دو کنڈر گارٹن ، ایک اقوام متحدہ کی امدادی اور ورکس ایجنسی برائے فلسطین مہاجرین برائے قریب مشرق میں تربیتی مرکز اور اسلامی یونیورسٹی کے کچھ حصوں کو نقصان پہنچا ہے۔ اقوام متحدہ کی حالیہ انسانی ہمدردی کی رپورٹ کے مطابق ، غزہ کی پٹی میں اقوام متحدہ کے زیر انتظام 58 اسکولوں میں اب بھی کم از کم 660000 افراد پناہ لے رہے ہیں۔

اسرائیلی جارحیت سےچھ اسپتالوں اور 11 بنیادی صحت کی دیکھ بھال کے مراکز کو شدید بھی نقصان پہنچایا گیا ، جن میں غزہ میں موجود واحد COVID-19 ٹیسٹ لیبارٹری بھی شامل ہے جو 17 مئی کو قریبی عمارت پر آنے والے اسرائیلی حملے کے بعد تباہ ہوگئی۔

اسرائیل کے ان حملوں کے باعث غزہ میں بجلی کی ترسیلات کو شدید نقصان پہنچا ، جس کی وجہ سے روزانہ 20-21 گھنٹے بجلی بند ہوجاتی تھی۔اس سے پورے فلسطین میں پانی اور صفائی ستھرائی کی سہولیات متاثر ہوئی ہیں ، جس سے کم از کم ڈھائی لاکھ سے زائدافراد کو پینے کے لئے پانی تک رسائی ناممکن ہوگئی۔
مزیدخبریں