اطلاعات کے مطابق سنٹرل لندن ماربل آرچ کے علاقے میں واقع حسن نواز کے دفتر میں نقاب پوشوں نے داخلے کی کوشش کی۔ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اس وقت دفتر کے اندر موجود تھے۔ اطلاعات کے مطابق نقاب پوشوں نے دفتر میں جا کر حسن نواز کو دھمکیاں دیں اور دفتر داخل ہونے کی کوشش کی۔
اس واقعے کے بعد دی نیوز کے لندن سے نمائندے مرتضیٰ علی شاہ نے ایک ویڈیو ٹوئیٹ کی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ن لیگی کارکنان اور نواز شریف کے بیٹے حسن نواز ان سے پوچھ تاچھ کر رہے ہیں کہ یہ دفتر میں کیوں داخل ہوئے اور کیا کرنا چاہتے تھے۔
https://twitter.com/nayadaurpk_urdu/status/1395778479388569600
ن لیگی کارکنان کا دعویٰ ہے کہ ان افراد نے تسلیم کیا کہ ان کو دفتر میں گھسنے کے پیسے دیے گئے تھے۔
نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے خبر پر ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا کہ نواز شریف کی زندگی کے ساتھ دوران حراست کھلواڑ کرنے والے اب تک باز نہیں آئے۔ نواز شریف کا مقابلہ اس سوچ سے ہے جس نے میری بیمار والدہ کی تصویریں بنانے کی کوشش کی، ہوٹل میں میرے کمرے کا دروازہ توڑا اور آج پھر نواز شریف پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی۔ خدا کسی کو کم ظرف اور بزدل دشمن نہ دے۔
https://twitter.com/MaryamNSharif/status/1395782664582467587
مریم نے ایک ٹوئیٹ میں ان افراد کی تصاویر بھی جاری کیں۔
https://twitter.com/MaryamNSharif/status/1395783518064627716