چترال میں پی ٹی آئی کا جلسہ، پی ڈی ایم کے خلاف شدید نعرہ بازی، فوری الیکشن کا مطالبہ

02:13 PM, 21 May, 2022

گل حماد فاروقی
چترال میں پاکستان تحریک انصاف کے سینکڑوں کارکنوں نے اتالیق چوک میں احتجاجی جلسہ کیا اور پی ڈی ایم کے خلاف شدید نعرہ بازی بھی کی۔ اس احتجاجی جلسے کی صدارت بزرگ سیاستدان حاجی گل نواز خان نے کی۔

اقلیتی امور پر وزیراعلیٰ خیبر پحتونخواہ کے معاون خصوصی وزیر زادہ کیلاش، سابق ضلعی صدر عبدالطیف اور دیگر رہنماؤں نے اظہار خیال کیا۔ مقررین نے کہا کہ عمران خان نے امریکہ کی غلامی کرنے سے انکار کیا جس کی اسے سزا ملی اور اس کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی۔

جلسہ میں پارٹی کارکنوں نے امپورٹڈ حکومت نامنظور اور امریکہ کا جو یار ہے غدار ہے کے نعرے بھی لگائے۔ مقررین نے کہا کہ عمران خان ملک کا قسمت بدلنے والا تھا مگر اسے موقع نہیں دیا گیا اور وقت سے پہلے اس کی حکومت کا خاتمہ کرایا گیا۔



انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں چترال کے دونوں اضلاع میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے۔ اگر عمران خان دوبارہ وزیراعظم منتحب ہوئے تو ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرکے حقیقی آزادی حاصل کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ چترال شندور روڈ، گرم چشمہ اور وادی کیلاش کی سڑکیں پی ٹی آئی کے دور حکومت میں منظور ہوئے اور اس کے علاوہ بھی متعدد ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ پارٹی رہنماؤں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ کپتان کی کال پر لانگ مارچ میں ضرور حصہ لے تاکہ امپورٹڈ حکومت کا خاتمہ ہو سکے اور کپتان ایک بار پھر بھاری اکثریت سے وزیراعظم منتحب ہو جائے۔

 
مزیدخبریں