لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کی وزیراعظم عمران خان سے کی ملاقات

09:24 AM, 21 Oct, 2021

نیا دور
روزنامہ جنگ میں صحافی انصار عباسی کی رپورٹ کے مطابق کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم نے بدھ کو وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جو متوقع طور پر چند روز کے اندر نئے ڈی جی آئی ایس آئی کے تقرر کی باضابطہ منظوری دیں گے۔

رپورٹ کے مطابق اس اہم ملاقات کے بارے میں سرکاری طور پر کوئی بیان جاری نہیں ہوا تاہم ایک باخبر ذریعے نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے اشارہ دیا کہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کی بطور نئے ڈی جی آئی ایس آئی تقرری کا نوٹیفکیشن آئندہ چند دن میں متوقع ہے، جنگ کے ذریعے نے توقع ظاہر کی کہ ایسا جمعہ کے روز ہوگا۔

اخبار کے ذریعے نے مزید بتایا کہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم واحد تھری اسٹار جنرل ہیں جنہوں نے بدھ کے روز وزیراعظم سے ملاقات کی۔

روزنامہ جنگ کے ذرائع کے مطابق ایک ہفتے یا دس دن کے اندر نئے ڈی جی آئی ایس آئی اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے جب کہ ملک کی اعلیٰ انٹیلی جنس ایجنسی کے موجودہ سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بحیثیت کور کمانڈر پشاور اپنے نئے اسائنمنٹ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

آئی ایس پی آر نے 6 اکتوبر کو فوج میں اعلیٰ عہدوں میں اہم تبدیلیوں کا اعلان کیا تھا ، ان اعلان کردہ عہدوں میں لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کی بطور ڈی جی آئی ایس آئی تقرری بھی شامل تھی۔
مزیدخبریں