اللہ کا شکر ہے کہ سرٹیفائیڈ چور اپنے انجام کو پہنچا، مریم نواز

06:08 PM, 21 Oct, 2022

نیا دور
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے عمران خان کی الیکشن کمیشن آف پاکستان سے نااہلی پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان پر صرف چوری ثابت نہیں ہوئی بلکہ اس کے سارے ثبوت بھی موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ثبوتوں کے ساتھ پاکستان کا پہلا سرٹیفائیڈ چور ہے۔

لندن میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ عمران خان اپنے انجام کو پہنچا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب جب کہ اس کی چوری پکڑی گئی ہے تو صرف اس کی نااہلیت کافی نہیں ہے بلکہ جیسا کہ الیکشن کمیشن نے کہا ہے، عمران خان کے خلاف فوجداری مقدمات کی کارروائی کا آغاز ہونا چاہیے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کو اپنے کیے کی سزا ملنی چاہیے۔ ان کو قانون کے سامنے پیش کرنا چاہیے ااور ان سے قوم کا لوٹا ہوا مال نکلوانا چاہیے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان اقامہ پہ نہیں بلکہ چوری پر نااہل ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس میں جمعہ کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے جس میں ان کو قومی اسمبلی کی نشست سے نااہل قرار دے دیا گیا ہے۔
مزیدخبریں