ورلڈ کپ: آسٹریلیا نے پاکستان کو 62 رنز سے شکست دے دی

آسٹریلیا نے بنگلور کے چناسوامی سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 367 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 368 رنز کا ہدف دیا۔

11:16 AM, 21 Oct, 2023

نیا دور

آسٹریلیا نے پاکستان کو آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے اٹھارہویں میچ میں با آسانی 62 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں دوسری کامیابی حاصل کرلی۔ 

 ٹیم آسٹریلیا کے 368 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز عبداللہ شفیق اور امام الحق کی بہترین پارٹنرشپ کے بعد شائقین کو ایسا لگ رہا تھا قومی ٹیم پہاڑ جیسا ہدف پورا کرلے گی۔لیکن شائقین کی امیدیں اس وقت دم توڑ گئیں جب 64 رنز بنانے والے عبداللہ شفیق کے آؤٹ ہونے کے بعد بابر اعظم صرف 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے اور پھر روایتی طور پر قومی کھلاڑی ایک کے بعد ایک آؤٹ ہوتے چلے گئے۔ 368 رنز کے ہدف کے تعاقب میں محض 305 رنز بناسکی۔عبداللہ شفیق 64، امام 70 رنز بناکر نمایاں رہے۔

آسٹریلیا نے بنگلور کے چناسوامی سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 367 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 368 رنز کا ہدف دیا۔

مچل مارش اور ڈیوڈ وارنر نے اننگز کے آغاز سے ہی پاکستانی بولرز کی جم کر دھلائی کی اور اپنی ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا۔

وارنر اور مارش کے درمیان پہلی وکٹ پر 259 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی جو کہ پاکستان کے خلاف ورلڈکپ میں کسی بھی وکٹ پر سب سے بڑی شراکت داری ہے۔

اوپنر ڈیوڈ وارنر نے 163 رنز کی زبردست اننگز کھیلی۔ وارنر نے 14 چوکے اور 9 چھکے لگائے۔

مچل مارش 121 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، گلین میکسویل بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے جبکہ سٹیو سمتھ کو 7 رنز پر اسامہ میر نے آؤٹ کیا۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ حارث رؤف نے 3کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

یہ قومی ٹیم کی مسلسل دوسری شکست تھی جس کے بعد پاکستان اب پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن پر آ گیا ہے۔

مزیدخبریں