'نواز شریف کے لیے آگے کا راستہ صاف ہے، وہ پارلیمنٹ کا حصہ ہوں گے'

اسٹیبلشمنٹ اس سوال کا جواب دے کہ نواز شریف کو کیوں نکالا، ملک کی ترقی کا راستہ کیوں روکا۔ نواز شریف کے انتقام میں ادارے اندھے ہو گئے تھے، انہیں اس کا جواب دینا ہو گا۔ قوم کے اتنے سال جنہوں نے ضائع کیے ان پر ذمہ داری عائد ہونی چاہئیے، ایک کمیشن بننا چاہئیے۔

10:03 PM, 21 Oct, 2023

نیا دور
Read more!

نواز شریف کی باڈی لینگوئج سے بہت اعتماد نظر آیا، وہ خوش نظر آ رہے تھے۔ پاکستان آنے سے متعلق انہیں کسی قسم کی پریشانی نہیں تھی۔ انہوں نے کہا ہم 9 مئی والے نہیں بلکہ 28 مئی والے ہیں۔ نواز شریف کے لیے آگے کا راستہ صاف ہے، جو لوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ انہیں بلا کر دھوکہ دیا جائے گا اس میں کوئی حقیقت نہیں۔ نواز شریف کے کاغذات نامزدگی بھی منظور ہوں گے اور وہ پارلیمنٹ میں بھی آئیں گے۔ یہ کہنا ہے مزمل سہروردی کا۔

نیا دور ٹی وی کے ٹاک شو 'خبرسےآگے' میں افتخار احمد نے کہا نواز شریف نے وطن واپسی پر جذباتی انداز میں تقریر کی اور ان کے جذبات سچے ہیں۔ وہ جو بات کر رہے تھے سارا مجمع ان جذبات کو سمجھ رہا تھا۔ اسٹیبلشمنٹ اس سوال کا جواب دے کہ نواز شریف کو کیوں نکالا، ملک کی ترقی کا راستہ کیوں روکا۔ نواز شریف کے انتقام میں ادارے اندھے ہو گئے تھے، انہیں اس کا جواب دینا ہو گا۔ قوم کے اتنے سال جنہوں نے ضائع کیے ان پر ذمہ داری عائد ہونی چاہئیے، ایک کمیشن بننا چاہئیے۔ نواز شریف مستقبل کے حوالے سے بہت کلیئر ہیں، وہ اصلاحات کی بات کر رہے ہیں۔

ناصر بیگ چغتائی کا کہنا تھا نواز شریف نے اپنے خطاب میں جو شعر سنائے وہ بہت پراثر تھے۔ غالب کے شعر میں ایک سیدھی سیدھی وارننگ ہے کہ ہم امن والے لوگ ہیں لیکن اگر آپ نے ہمیں چھیڑا تو پھر طوفان آ جائے گا۔ نواز شریف نے کہا کہ ہمسائیوں کے بغیر ترقی نہیں ہو سکتی، کشمیر کا مسئلہ حل ہونا چاہئیے، مشرقی اور مغربی پاکستان کے بیچ ایک راہداری بننی چاہئیے تو اس کا مطلب ہے وہ کچھ سوچ کر آئے ہیں۔ نواز شریف آج باقاعدہ ڈی فیکٹو پرائم منسٹر کے طور پر آئے ہیں۔

پروگرام کے میزبان رضا رومی تھے۔ 'خبرسےآگے' ہر پیر سے ہفتے کی شب 9 بج کر 5 منٹ پر نیا دور ٹی وی سے پیش کیا جاتا ہے۔

مزیدخبریں