آمنہ عتیق نے فیس بک پر اپنی ویڈیو میں بتایا تھا کہ میری سوتیلی والدہ نے میرے والد پر میری شادی کے لیے دباؤ ڈالا جس پر میرے والد نے ایک انجان شخص سے میری شادی کر دی۔ میرے والد نے مجھ سے محبت کرنے والے اور میری عزت کرنے والے شخص کا رشتہ ٹھکرا دیا کیونکہ اُس کے پاس پیسے نہیں تھے۔
آمنہ عتیق نے بتایا کہ میرا شوہر شراب نوشی اور منشیات کا عادی تھا جس نے مجھے ذہنی اور جسمانی طور پر ہر طرح کے تشدد کا نشانہ بنایا، جس کی وجہ سے میں ڈپریشن کا شکار ہو گئی۔
انہوں نے بتایا کہ خاوند کی جانب سے گھر سے نکالے جانے کے بعد میں اپنے والد کے گھر گئی۔ جنہوں نے مجھے قبول کرنے سے انکار کر دیا۔
آمنہ عتیق نے بتایا کہ جون 2018 میں دوسری شادی ہوئی لیکن شادی کے کچھ عرصہ کے بعد دوسرا شوہر بھی پہلے شوہر کی طرح ہی کا سلوک کرنے لگا۔ وہ مجھے میرے ماضی کا طعنہ بھی دیتا ہے اور مجھے مار پیٹ کا نشانہ بناتا ہے۔
یہ ساری کہانی بتانے کے اگلے روز ہی آمنہ عتیق مردہ حالت میں پائی گئیں۔ جس پر خیال کیا جا رہا ہے کہ شاید انہوں نے اپنے ڈپریشن سے تنگ آ کر خودکشی کی ہے۔ لیکن سوشل میڈیا صارفین نے اسے قتل قرار دیتے ہوئے ذمہ دار آمنہ کے شوہر کو ٹھہرایا ہے۔