متروکہ وقف املاک بورڈ کی کارروائی، شیخ رشید کی لال حویلی کو سیل کر دیا

حکام کا کہنا ہے کہ متروکہ وقف املاک بورڈ نے کارروائی کے دوران سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید کے زیر استعمال لال حویلی کے مرکزی ہال کو جانے والا راستہ بھی مکمل طور پر سیل کردیا ہے۔

11:29 AM, 21 Sep, 2023

نیا دور

متروکہ وقف املاک بورڈ نے کارروائی کرتے ہوئے سابق وزیرِ داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کے زیرِ استعمال لال حویلی کی عمارت کو سیل کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق متروکہ وقف املاک بورڈ نے پولیس اور وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) کی بھاری نفری کی موجودگی میں کارروائی کرتے ہوئے شیخ رشید کے زیرِ استعمال لال حویلی کو سیل کیا۔

متروکہ وقف املاک بورڈ کا کہنا ہے کہ لال حویلی واگزار کرانے کیلئے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر آصف خان نے آپریشن مکمل کیا اور لال حویلی کے مرکزی دروازے سیل کردیے۔ عوامی لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا دفتر بھی سیل کردیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ متروکہ وقف املاک بورڈ نے کارروائی کے دوران سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید کے زیر استعمال لال حویلی کے مرکزی ہال کو جانے والا راستہ بھی مکمل طور پر سیل کردیا ہے۔

لال حویلی واگزار کرانے کے آپریشن کیلئے شیخ رشید کے زیر استعمال لال حویلی کی جائیداد اور سیاسی بیٹھک سمیت 7 یونٹس سیل کردیے گئے۔ متروکہ وقف املاک بورڈ نے لال حویلی کے مرکزی دروازے کو بھی مقفل کردیا ہے۔

متروکہ وقف املاک نے ڈنگی کھوئی میں دمدمہ مندر کی اراضی اور مندر سے ملحقہ دکانیں بھی سیل کر دی ہیں۔

اس دوران دکانداروں کی جانب سے مزاحمت کی گئی جبکہ صورت حال کو قابو میں رکھنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر موجود تھی۔

متروکہ وقف املاک کے حکام، ایف آئی اے اور پولیس کی بھاری نفری بوہڑ بازار میں لال حویلی کے باہر موجود ہے۔

متروکہ وقف املاک  کے ڈپٹی ایڈمسٹریٹر آصف خان کا کہنا تھا کہ تمام کام قانون کے مطابق ہو رہا ہے اور شیخ رشید فیصلہ کے خلاف عدالت میں اپیل کر سکتے ہیں۔

آپریشن کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے متروکہ وقف املاک بورڈ کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر آصف خان نے کہا کہ آپریشن کے دوران ایلیٹ فورس، پولیس اور ایف آئی اے سے معاونت حاصل کی گئی۔ لال حویلی کی رجسٹری جعلی نہیں تھی۔

ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر آصف خان کا لال حویلی کو واگزار کرانے والے آپریشن کے متعلق کہنا تھا کہ لال حویلی کی رجسٹری کو کارروائی کے بعد منسوخ کردیا گیا ہے۔ شیخ رشید قانونی راستہ اختیار کرتے ہوئے عدالت سے اپیل کرسکتے ہیں۔

مزیدخبریں