لاہور ہائیکورٹ کے تین رکنی نئے بینچ نے شہباز شریف کی ضمانت منظور کر لی

08:07 AM, 22 Apr, 2021

نیا دور

شہباز شریف کی ضمانت کے لئے بننے والے لاہور ہائیکورٹ کے تین رکنی نئے بینچ نے  آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں مسلم لیگ ن کے صدر کی ضمانت منظور کر لی۔


جسٹس باقر نجفی کی سربراہی میں لاہور ہائیکورٹ کے تین رکنی بینچ نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی درخواست ضمانت متفقہ طور پر منظور کی۔


شہباز شریف کی ضمانت کے فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ لارجر بینچ نے ہماری بے گناہی کی گواہی دی ہے، سلیکٹڈ حکمران نے قوم کے تین سال کیوں ضائع کیے، ملک میں صرف انتقام اور  بربادی کی گئی۔


رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ سلیکٹڈ حکمران نے ملک کو  تباہ کر دیا ہے، تین سالوں میں ملک کی معیشت بدنام ہوئی اور صرف انتقام کی سیاست کی گئی، آج انتقام کی سیاست زمین بوس ہوئی۔


ان کا کہنا تھا کہ کٹھ پتلی سلیکٹڈ حکمرانوں کے دن گنے جا چکے ہیں، نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان آگے بڑھے گا۔

رہنما ن لیگ نے کہا کہ ملک میں صاف شفاف انتخابات کروائے جائیں، تمام مسائل کا واحد حل فری فیئر الیکشن ہے، عوام کے ووٹ سے حکومت بنے۔
مزیدخبریں