امریکا میں مقیم پاکستانی طالبہ تیزاب گردی کا شکار: میڈیکل طالبہ بینائی سے محروم

06:46 PM, 22 Apr, 2021

نیا دور


امریکا میں مقیم پاکستانی نژاد 21 سالہ طالبہ پر نامعلوم افراد نےنیویارک میں ان کے گھر کے سامنے تیزاب سے حملہ کر کے انہیں بینائی سے محروم کردیا۔

سرکاری خبرایجنسی 'اے پی پی' کی رپورٹ کے مطابق 21 سالہ میڈیکل کی طالبہ نافیہ اکرام پر نیویارک میں ان کے گھر کے سامنے اس وقت تیزاب سے حملہ کیا گیا جب وہ اپنی والدہ کے ساتھ گاڑی سے اتر رہی تھیں۔

انسانی حقوق کے رہنماؤں کی جانب سے اس واقعےکی تحقیقات مسلم مخالف جرائم کے ذمرے میں کی جائیں۔

رپورٹ کے مطابق نافیہ اکرام اور ان کی والدہ17 مارچ کو اپنے گھر کے سامنے گاڑی سے اتری ہی تھیں کہ ایک نامعلوم شخص ان کی طرف آیا اوران کے چہرے پر تیزاب پھینک کر فرار ہوگیا جبکہ انہیں شدید زخم آئے اور بینائی سے تقریبا محروم ہوگئیں۔

نافیہ اکرام مقامی یونیورسٹی ہوفسٹرا میں میڈیکل کی طالبہ ہیں اور مستقبل میں ڈاکٹر بننا چاہتی ہیں اور انہیں حملے کے بعد ان کی والدہ نے ہسپتال پہنچایا جہاں ان کی والدہ بھی کام کرتی ہیں۔

بی بی سی نے لکھا کہ طالبہ کے والد 50 سالہ شیخ اکرام کا کہنا تھا کہ نافیہ کو دفتر سے گھر واپسی کے دوران نشانہ بنایا گیا۔ نیویارک پوسٹ نے ان کے حوالے سے کہا کہ 'یہ اتفاقیہ حملہ نہیں تھا بلکہ منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا حملہ تھا'۔

دوسری جانب پولیس کمشنر پیٹرک رائیڈر نے ملزم کی گرفتاری کے لیے نشان دہی کرنے پر 10 ہزار ڈالر نقد انعام کا بھی اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حملہ ایک انسانیت سوز جرم ہے اور میں ذاتی طور پر ہر کسی سے درخواست کرتا ہوں کہ اگر کوئی معلومات ہیں تو سامنے آئیں۔ نیویارک میں مسلم حقوق کا گروپ کونسل برائے امریکن-اسلامک ریلشنز کے مطابق نافیہ اس حملے کے بعد 15 دن تک ہسپتال میں داخل رہیں اور ان کے چہرے، آنکھیں، گردن اور ہاتھوں پر شدید زخم آگئے تھے اور جھلس گئے ہیں۔

امریکی ٹی وی کو میں نافیہ نے کہا کہ '5 منٹ میں میری پوری زندگی تبدیل ہوگئی، ہمیں پتہ نہیں چلا کہ ہم نے کیا تھا'۔ انہوں نے کہا کہ میں صرف رنگ دیکھ سکتی ہیں لیکن اتنا ہی ہے، میں جانتا چاہتی ہوں کہ وجوہات کیا تھیں اورمیں نے کسی کے لیے کیا کرسکتی تھی۔ ان کے والد نے بتایا کہ نافیہ نے ابھی باتیں شروع کردی ہیں لیکن کھانے اور پینے میں مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ تیزاب سے ان کا گلہ بھی جل گیا ہے۔

شیخ اکرام نے کہا کہ 'وہ بہت گھبرائی ہوئی ہیں، میری اہلیہ رات کو ان کے ساتھ سوتی ہیں، وہ خود نہیں دیکھ سکتیں، جب ان کے چہرے پر پانی گرتا ہے تو وہ گھبراجاتی ہیں اس لیے میری اہلیہ کو واش روم بھی ان کے ساتھ جانا پڑتا ہے اور دونوں بازو بھی جل گئے ہیں جس کی وجہ سے وہ کچھ نہیں کرسکتیں، یہ بہت درد ناک ہے'۔

نافیہ کے اہل خانہ دوستوں اور رشتہ داروں کے تعاون پر مشکور ہیں اور اب تک طبی اخراجات کے لیے 3 لاکھ ڈالر تک عطیات بھی جمع کیے گئے ہیں۔

شیخ اکرام نے کہا کہ ہم ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں جنہوں نے عطیہ دیا اور ہم لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ان کی آنکھوں کے لیے دعا کریں، پیسے کوئی معنی نہیں رکھتے لیکن ہمیں ان کی صحت کی ضرورت ہے۔

حملہ آور کو مخاطب کرکے انہوں نے کہا کہ 'ہم یہ کہنا چاہتے ہیں کہ اس بارے میں سوچیں آپ نے ہماری بیٹی کے ساتھ کیا کیا ہے، برائے مہربانی کسی اور کے ساتھ ایسا مت کریں'۔

مزیدخبریں