دبئی میں کراٹے کمبیٹ 45 کے مقابلے میں پاکستان نے بھارت کو 1-2 سے شکست دے دی ہے۔ پاکستان کے کراٹے سپیشلسٹ شاہ زیب رند نے بھارت کے رانا سنگھ کو 1-2 سے شکست دے کر متحدہ عرب امارات میں منعقدہ کراٹے کمبیٹ 45 کا مقابلہ اپنے نام کرلیا۔
کراٹے کمبیٹ ایک پیشہ ور مارشل آرٹس لیگ ہے جس میں فل کانٹیکٹ کراٹے کے مقابلے شامل ہوتے ہیں۔ کراٹے کمبیٹ دنیا بھر میں ایسے ایونٹس کا میزبان ہے جس میں مختلف ویٹ کلاسز ہوتی ہیں۔
مختلف ممالک کے ہنر مند فائٹرز کراٹے کمبیٹ میں مدِ مقابل آتے ہیں۔ پاکستان کے رضوان علی اور بھارت کے ہمانشو کوشک نے بالترتیب میچ کے پہلے اور دوسرے مقابلے میں فتح حاصل کی۔
پاکستان اور بھارت کے مابین میچ کا فیصلہ فائنل راؤنڈ میں ہوا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں کراٹے کمبیٹ کا کہنا ہے کہ شاہ زیب رند کو رنگ میں روکنا ممکن نہیں ہے۔
ٹوئٹر پیغام میں کراٹے کمبیٹ نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کو 1-2 سے شکست دے دی ہے۔
کراٹے کمبیٹ کے مقابلے کا آغاز رضوان علی اور بھارت کے پون گپتا کے مابین میچ سے ہوا۔ مقابلہ یکطرفہ رہا جس میں رضوان علی نے جلد پون گپتا کو ناک آؤٹ کردیا، میچ کا فیصلہ پاکستان کے حق میں ہوا۔
تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں
بعد ازاں بھارت نے کراٹے کمبیٹ کا مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا۔ بھارت کے کھلاڑی ہمانشو کوشک نے دوسرے میچ میں پاکستان کے فیضان خان کو شکست سے دوچار کیا، لیکن اس کے بعد شاہ زیب رند کی باری آگئی۔
شاہ زیب رند نے رانا سنگھ کو فیصلہ کن ضرب لگائی جس کے نتیجے میں پاکستان یہ میچ جیت گیا۔ پاکستان کو 1-2 سے فتح حاصل ہوئی۔ شائقین کو پاک بھارت میچ کا کافی دیر سے انتظار تھا کیونکہ میچ سے قبل اس کی کافی تشہیر کی گئی تھی۔
میچ کے اختتام پر شاہ زیب رند سے سوال کیا گیا کہ انہوں نے دونوں ممالک کے پرچم کیوں اٹھا رکھے ہیں جس پر انہوں نے جواب دیا کہ ہم دشمن نہیں ہیں۔ ہم دوست ہیں! اس فائٹ کا مقصد دونوں ممالک کے روابط کو قریب لانا ہے۔
شاہ زیب کا کہنا تھا ہم ساتھ ہوں تو کچھ ناممکن نہیں۔ سیاست ہمیں جدا کر رہی ہے اور یہ لڑائی پاکستان اور انڈیا کے بیچ دوستی کے لیے تھی۔
شاہ زیب کے انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں بالی وڈ اداکار سلمان خان، شاہ زیب سے مل کر انہیں مبارکباد دے رہے ہیں اورکہتے ہیں ’کیا ہر جگہ 20، 20 سیکنڈ میں ناک آؤٹ کر دیتے ہو۔‘
مکسڈ مارشل آرٹ (ایم ایم اے) فائٹر شاہ زیب رند کا تعلق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے ہے اور انہوں نے انٹرنیشنل ریلشنز (بین الاقوامی تعلقات) میں بی ایس کی تعیلم حاصل کر رکھی ہے۔
ان کی عمر 26 سال ہے اور انھوں نے آٹھ سال کی عمر سے ہی کراٹے کامبیٹ کھیلنا شروع کیا تھا۔ انھوں نے اس کھیل کے حوالے سے تمام تربیت کوئٹہ میں حاصل کی۔ وہ آٹھ سال پاکستانی ٹیم میں رہے اور چھ مرتبہ نیشنل چیمپیئن بھی رہ چکے ہیں۔
شاہ زیب رند نے بتایا کہ وہ مختلف انٹرنیشنل ایونٹس کے سلسلے میں سنگاپور، ویتنام، آذربائیجان، نیپال اور ایران جا چکے ہیں اور وہاں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے متعدد میڈلز حاصل کر چکے ہیں۔