قطر نے 20 نومبر سے شروع ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کی سیکیورٹی کیلئے پاک فوج سے مدد مانگی تھی۔
علاوہ ازیں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی دعوت پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کل 23 سے 24 اگست 2022 تک قطر کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔یہ وزیراعظم شہباز شریف کا پہلا دورہ قطر ہوگا۔
وزیر اعظم کے ساتھ وفاقی کابینہ کے اہم ارکان سمیت ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی قطر جائے گا۔ دورے کے دوران وزیراعظم قطری قیادت کے ساتھ مختلف امور پر مشاورت کریں گے۔ دونوں فریقین دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے، خاص طور پر توانائی سے متعلق تعاون کو آگے بڑھانے، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو گہرا کرنے اور قطر میں پاکستانیوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع تلاش کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
وزیراعظم دوحہ میں قطری اور پاکستانی تاجروں، سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ وزیر اعظم دوحہ میں “اسٹیڈیم 974″ کا بھی دورہ کریں گے جہاں انہیں فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے قطر کی حکومت کی جانب سے کی گئی وسیع تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی۔
وزیراعظم کے دورہ قطر سے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے اور ان کی بڑھتی ہوئی اقتصادی شراکت داری کو مزید تقویت ملے گی.