روپے کی قدر میں تاریخی کمی، انٹربینک میں ڈالر ٹرپل سنچری کے قریب 

سٹیٹ بینک کے اعداد وشمار کے مطابق انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں ایک روپے 35 پیسے کا اضافہ ہوا اور روپے کی قدر میں 0.63 فیصد تنزلی ہوئی۔

07:08 PM, 22 Aug, 2023

نیا دور

ملک میں روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور انٹربینک میں ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

منگل کی شام سٹیٹ بینک آف پاکستان ( ایس بی پی) کی طرف سے شیئر کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں روپیہ دن کو 1.88 روپے کی کمی کے ساتھ بند ہوا جہاں سے اس کی شروعات ہوئی تھی۔

انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں ایک روپے 35 پیسے کا اضافہ ہوا اور روپے کی قدر میں 0.63 فیصد تنزلی ہوئی۔

انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 299.01 روپے پر پہنچ کر بند ہوا جبکہ گزشتہ روز 297.13 پر بند ہوا تھا۔

اس سے قبل گرین بیک کرنسی دوپہر ایک بجے کے قریب انٹربینک مارکیٹ میں 298.65 روپے کی ریکارڈ سطح پر فروخت ہو رہی تھی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 306 روپے کا ہو گیا تھا۔

ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق مقامی کرنسی ( روپیہ) کل 297.13 روپے پر بند ہوئی تھی۔

کاروباری دن کے دوران اوپن مارکیٹ میں ایک امریکی ڈالر 312 روپے پر ٹریڈکر رہا تھا۔ اطلاعات کے مطابق کل دن کے آغاز میں ڈالر کی قیمت 315 روپے تک جا سکتی ہے۔

گزشتہ روز انٹربینک میں کاروبار اختتام پر ڈالر 35 پیسے اضافے کے بعد 297.13 روپے کا تھا۔

آج روز کاروبار کے آغاز پر ڈالر کی قدر میں پہلے معمولی کمی ہوئی جس کے بعد اس کی قدر میں اضافہ دیکھا گیا۔انٹربینک میں ڈالر  ایک روپے 87 پیسے مہنگا ہوکر 299.01 روپے پر بند ہوا جو انٹربینک میں ڈالر کی ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔

اس سے قبل 11 مئی کو ڈالر 298 روپے 93 پیسے تک جا پہنچا تھا۔

انٹربینک تبادلہ میں ڈالر کاروباری ہفتے کے دو دنوں میں 2.33 روپے مہنگا ہوا ہے۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر 306 روپے پر بند ہوا ہے۔

مزیدخبریں