سندھ: رواں ہفتے کا احوال (دسمبر 15 تا دسمبر 21)

09:11 AM, 22 Dec, 2018

نیا دور

جیل میرا دوسرا گھر، الیکشن کااشارہ ملا ہے، جلد موجودہ حکمرانوں سے جان چھڑائیں گے، زرداری




ٹنڈوالہ یار، حیدرآباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ جیل میرا دوسرا گھر، الیکشن کا اشارہ ملا ہے، جلد موجودہ حکمرانوں سے جان چھڑائیں گے، حکمران احمق اور انڈر 16 اناڑی ہیں، انہیں تکلیف اٹھارہویں ترمیم سے ہے، کٹھ پتلی حکومت کیوں بنائی جاتی ہے، حکومت پکڑ دھکڑ چھوڑے توکوئی کام ہو۔ الیکشن شفاف ہوتے تو عمران کے بجائے کوئی اور وزیراعظم ہوتا، مصنوعی طور پرآنے والوں کو چیزیں سمجھ نہیں آتیں، آپ نے نواز شریف کو بنایا، آپکی اس سے جنگ ہو گئی، ایم کیو ایم کے قائد کو بنایا وہ کسی اور کا ہو گیا، پاکستان میں ہردفعہ مذاق ہوا، عجب کہانیاں لکھی گئیں، دیکھتے ہیں میچ کہاں جاتا اورکیا نتیجہ نکلتا ہے، امریکہ کا پاکستان کو مذہبی لحاظ سے بلیک لسٹ کرنا دفترخارجہ، وزیر خارجہ کی ناکامی ہے۔ گذشتہ روز ٹنڈوالہ یار میں ظہرانے کے موقع پر عوامی اجتماع اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق صدر نے کہا کہ اگر الیکشن صاف شفاف ہوتے تو سیاسی جماعتیں اکثریت رائے سے حکومت بناتیں۔




سندھ فوڈ اتھارٹی نے غیرمعیاری فوڈ آئٹمز پر پابندی عائد کر دی



سندھ فوڈ اتھارٹی حکومت سندھ نے صوبے بھر میں فوری طور پر غیرمعیاری فوڈ آئٹمز پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ ان اشیاء میں کاربونیٹڈ سافٹ ڈرنکس، توانائی کے مشروبات، ہائپر اور مختلف رنگوں، ذائقوں والے چپس کی سکولوں اور کالجوں کی کینٹینوں میں فروخت، (اجینوموتو) مینوں سوڈیم گلومیٹ (ایم ایس جی)، بچھڑے کے ذبح کرنے اور اس کے گوشت کی فروخت، کھلے مصالحہ جات (جن کی مدت فروخت ستمبر 2019 رکھی گئی ہے) پی ایس آر سی کے معیار کے مطابق ٹی وائٹنر (جس کے بارے میں پہلے ہی متنبہ کیا جا چکا ہے کہ یہ دودھ نہیں ہے) رنگ کاٹ مینیجنگ ایجنٹ (سوڈیم ہائیڈرو سلفیٹ اینڈ سوڈیم ہائیڈرو کلورائیڈ) پر مبنی اشیاء کی تیاری اور استعمال شدہ اور کھلا گھی اور تیل شامل ہیں۔ اشیاء کی پابندی کا فیصلہ سندھ فوڈ اتھارٹی کے پہلے سائینٹفک پینل کی سفارشات کی روشنی میں کیا گیا۔




سندھ کو اداروں نے عالمی یتیم خانہ بنا دیا ہے، ازبک شہری کو شناختی کارڈ جاری کرنے پر ہائیکورٹ کا اظہار برہمی




کراچی، سندھ ہائیکورٹ نے ازبک شہری کو قومی شناختی کارڈ جاری کرنے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین نادرا، ایف آئی اے اور دیگر کو نوٹس جاری کر دیے۔ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی شیخ اور جسٹس عمر سیال پر مشتمل ڈویژنل بینچ کے روبرو ازبک شہری کا نام فورتھ شیڈیول میں شامل کرنے سے متعلق سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ مصطفیٰ مہیسر اور ایس ایس پی ٹھٹھہ پیش ہوئے۔ درخواستگزار ازبک باشندے عبد الحئی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ کافی عرصے سے دھابیجی کے قریب فیملی کے ساتھ رہائش پذیر ہوں، فورتھ شیڈول سے نام خارج کرنے کا حکم دیا جائے۔ چیف جسٹس نے ایس ایس پی ٹھٹھہ کو ضلع میں آباد غیر ملکی شہریوں کی تفصیلات پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ مصطفیٰ مہیسر نے مؤقف اپنایا کہ درخواست گزار عبدالحئی ازبک شہری ہے۔ عبدالحئی کے کچھ رشتے دار مستونگ دھماکے میں بھی ملوث ہیں۔ مشکوک صورتحال کی وجہ سے عبدالحئی کانام پولیس نے فورتھ شیڈول میں شامل کیا۔ ازبک شہری کو قومی شناختی کارڈ جاری کرنے پر عدالت برہم ہو گئی۔ چیف جسٹس احمد علی شیخی نے ریمارکس دیے کہ سندھ کو اداروں نے عالمی یتیم خانہ بنا دیا ہے۔ افغانی، بنگالی، ازبک، ویت نامی، برما نجانے کہاں کہاں سے آ کر لوگ سندھ میں آباد ہو گئے ہیں۔ اداروں کی نااہلی کی وجہ سے غیر ملکیوں کو قومی شناختی کارڈ بھی جاری کردیے جاتے ہیں۔




تھر، غذائیت کی کمی کا شکار مزید 4 بچے ہلاک، تعداد 630 ہو گئی




اسلام کوٹ، تھر میں غذائی قلت و بیماریوں سے مزید 4 بچے دم توڑ گئے۔ سردیوں کی شدت سے دیہی علاقوں کے حالات کشیدہ۔ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 630 ہو گئی، گھاس پھونس سے بنے جھونپڑوں میں رہنے والے ہزاروں خاندان سردی کی شدت سے مختلف بیماریوں میں مبتلاہونے لگے۔ متاثرہ تھری باشندوں نے حکومت و فلاحی اداراں سے اپیل کی ہے کہ ان مشکل حالات میں ان کی مدد کی جائے۔ تفصیلات کے مطابق صحرائے تھر کے کل 23 سو دیہات میں سردیوں کی شدت سے حالات مزید مشکل ہو چکے ہیں۔ کم وزن اور غذائی قلت کے شکار بچے دم توڑ رہے ہیں۔
مزیدخبریں