جیو نیوز کی خبر کے مطابق عسکری ذرائع نے آصف علی زرداری کے بیان پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر مرتبہ غیر ذمہ داری کا ثبوت دے کر اسٹیبلشمنٹ کیساتھ ڈیل کے بیان دے دیئے جاتے ہیں۔ ایسا ہونا بدقسمتی ہے۔
خبر میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جس عسکری شخصیت نے زرداری کے بیان پر ردعمل دیا وہ اعلیٰ عہدے پر فائز ہے۔ ان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ انہوں نے دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے آصف زرداری سے کہا کہ اگر وہ اپنی بات میں سچے ہیں تو مدد مانگنے والے بندے کا ہمیں نام بتایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ عسکری عہدیداران کو عجیب اور بے بنیاد بیانات دینے والے ایسے سیاستدانوں کیساتھ کسی بھی غیر ضروری بحث میں نہیں پڑنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ پر الزام عائد کرنے کا یہ سلسلہ اب بند ہونا چاہیے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل سابق صدر آصف علی زرداری نے دعویٰ کیا تھا کہ مائنس ون کے فارمولے والے مستقبل کے سیاسی سیٹ اپ کیلئے اب ہم سے مدد مانگ رہے ہیں۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ مجھ سے مدد مانگ کر نیا فارمولہ پوچھا گیا ہے، لیکن میں نے انہیں واضح کر دیا ہے کہ پہلے اس حکومت کو گھر بھیجا جائے، اس کے بعد ہم سے بات کی جائے۔