وزیر دفاع خواجہ آصف، ڈی جی آئی ایس آئی کی کابل میں طالبان قیادت سے ملاقات

01:50 PM, 22 Feb, 2023

نیا دور
وزیر دفاع خواجہ آصف افغانستان کے دورہ پر کابل پہنچ گئے۔ وزیر دفاع کے ہمراہ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم بھی تھے۔

دورے کے دوران خواجہ آصف کی سربراہی میں پاکستانی وفد کی افغانستان کے نائب وزیراعظم ملاغنی برادر اور وزیردفاع ملا یعقوب سے ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر ڈی جی آئی ایس آئی ندیم انجم، سیکریٹری خارجہ اسد مجید خان اور افغانستان کے لیے پاکستان کی خصوصی نمائندے محمد صادق بھی موجود تھے۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، طورخم اور چمن بارڈر پر تجارت کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دفتر خارجہ کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیر دفاع کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کا وفد کابل میں ہے تاکہ افغانستان میں عبوری حکومت کے ساتھ سیکیورٹی سے متعلقہ مسائل پر تبادلہ خیال کیا جاسکے جس میں انسداد دہشت گردی کے اقدامات بھی شامل ہیں۔

https://twitter.com/ForeignOfficePk/status/1628328560359272449?s=20

افغانستان کے نائب وزیراعظم عبدالغنی برادر کے دفتر نےوفد سے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے تصاویر اور ویڈیوز بھی جاری کردیں۔

https://twitter.com/FDPM_AFG/status/1628332270724554752?s=20

افغان وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ملا عبدالغنی برادر نے وفد کو کہا کہ پاکستان اور افغانستان ہمسایہ ممالک ہیں اور ان کے درمیان خوشگوار تعلقات ہونے چاہئیں۔ امارت اسلامی افغانستان پاکستان کے ساتھ تجارتی و معاشی تعلقات میں وسعت چاہتا ہے۔ اس قسم کے تعلقات دونوں ممالک کے مفاد میں ہیں۔

ملا برادر نے مزید کہا کہ سیاسی اور سیکیورٹی کے مسائل کا اثر تجارت اور معاشی معاملات پر نہیں پڑنا چاہیے اور اسے سیاسی اور سیکیورٹی کے مسائل سے علیحدہ رکھنا چاہیے۔

واضح رہے کہ گذشتہ دسمبر میں کابل میں پاکستانی سفارت خانے کے ناظم الامور عبید الرحمن نظامانی پر ایک حملہ کیا گیا تھا جس میں وہ خود تو محفوظ رہے تاہم ان کی حفاظت پر مامور سکیورٹی اہلکار شدید زخمی ہو گیا تھا۔

جب کہ دسمبر ہی میں پاکستان اور افغانستان کے سرحدی علاقے چمن میں مبینہ طور پر افغان سکیورٹی فورسز کی فائرنگ میں متعدد پاکستانیوں مارے گئے جبکہ عام شہریوں کی املاک کو بھی نقصان پہنچا۔

پاکستان کی طرف سے فائرنگ کے اس واقعے کی نا صرف پر زور مذمت کی گئی تھی بلکہ اسلام آباد میں تعینات افغان ناظم الامور کو وزارت خارجہ طلب کر کے پاکستان کا احتجاج بھی ریکارڈ کروایا گیا تھا۔
مزیدخبریں