”ٹک ٹاک کو پگڑیاں اچھالنے کے لیے نہیں ہونا چاہیے“، وزیر ریلوے سوشل میڈیا سائٹ سے نالاں

01:28 PM, 22 Jan, 2020

نیا دور
 وفاقی وزیر شیخ رشید نے سوشل میڈیا ویب سائٹس ٹک ٹاک اور ٹوئٹر پر ممکنہ پابندی سے متعلق خبروں کی تردید کردی۔

عرب میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا کہ کابینہ میں ٹک ٹاک اور ٹوئٹر پر پابندی کامعاملہ زیر غور نہیں آیا تاہم ٹک ٹاک اور ٹوئٹراستعمال کرنے والوں کوحدود میں رہنا چاہیے۔

شیخ رشید نے کہا کہ ٹک ٹاک اور ٹوئٹر کو لوگوں کی پگڑیاں اچھالنےکیلئے استعمال نہیں کرناچاہیے، وفاقی کابینہ میں ان سوشل ویب سائٹس پر کسی قسم کی پابندی لگانے کا معاملہ زیر بحث نہیں آیا۔

واضح رہے کہ ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ کی شیخ رشید سمیت متعدد سیاست دانوں، کھلاڑیوں اور اعلیٰ شخصیات کے ساتھ ویڈیوز وائرل ہوئی تھیں۔

حریم شاہ کی ویڈیوز کے معاملے کی پارلیمنٹ کے ایوانوں میں بھی باز گشت سنائی دی جب کہ ایف آئی اے نے حریم شاہ کو طلبی کا نوٹس بھی بھیجا تاہم حیران کن طور پر کسی سیاسی لیڈر نے ویڈیوز پر حریم شاہ کے خلاف شکایت نہیں کی۔

دوسری جانب شیخ رشید کے سیاسی حریف جاوید ہاشمی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پنجاب حکومت کے خلاف مرکزکے وزیرکھل کربیان دے رہے ہیں۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈوبتے جہاز میں چوہے ہوتے ہیں اورشیخ رشید ڈوبتے جہاز کا پہلا چوہا ہوگا جو وزارت چھوڑ دے گا۔

مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ مینجمنٹ کی صورت حال سے پورا ملک بہت بڑے بحران کی لیپٹ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کا بحران بڑا واضح ہو گیا ہے اورہروزیردوسرے وزیر سے کھل کر جنگ کررہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تبدیلی لانے والی پارٹی میں کابینہ اراکین ایک دوسرے سے جنگ لڑ رہے ہیں، شپنگ کا وزیر ٹی وی چینلز پر کہہ رہا ہے کہ گندم والا ایک اسکینڈل ہے۔ پی ٹی آئی کے سابق رہنما نے کہا کہ پارلیمنٹ میں بھی اختلاف ہوتا رہتا ہے تاہم ایک عجیب وغریب قسم کا بحران ہے جو کبھی نہیں آیا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ چار لاکھ ٹن گندم جو منگوائی جارہی ہے وہ کسانوں کو بھوکا مارنے کی سازش ہے، یہ پیسہ کمانے کا نہیں بلکہ صاف کرپشن کا معاملہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا شوکت خانم کا تعلق سب جانتے ہیں اور شوکت خانم سے علیمہ خان کا تعلق بھی چھپائے نہیں چھپتا۔

مزیدخبریں