پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کو حکمت عملی تبدیل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
لاڑکانہ میں تقریب سے خطاب میں پی پی چیئرمین نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا اور اپنے اتحادیوں کو حکمت عملی بدلنے کا بھی مشورہ دیا۔ حکومت گرانے کیلئے بلاول نے اپوزیشن اتحاد کو مشورہ بھی دیا اور کہا کہ اتحادیوں کو منائيں گے کہ حکومت کو گھر بھیجنے کیلئے جمہوری و آئینی طریقہ تحریک عدم اعتماد ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب اپنی حکمت عملی پر اتحادیوں کو منالیں گے تو ہماری چائے کی دعوت سے بھی حکومت اتنا گھبرا جائے گی جتنا 10، 10 جلسوں سے نہیں گھبراتی۔
انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی، نالائق اور نااہل وزیر اعظم کو گھر بھیجنے کا طریقہ تحریک عدم اعتماد ہے۔
پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اس نااہل، ناجائز اور سلیکٹڈ حکومت کو گھر بھیج کر ایک ایسی حکومت قائم کرنا چاہتی ہے جو عوام کی حقیقی معنوں میں ترجمانی کرے۔
بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ہمراہ لاڑکانہ میں ائیرپورٹ روڈ پر انڈسٹریل اسٹیٹ منصوبے کا افتتاح کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مزدور، کسان اور عوام کی خدمت کی، روزگار اور معیشت میں بہتری کے مواقع فراہم کیے اور اب سندھ میں انڈسٹریل اور اکنامکس زون کے قیام سے نہ صرف مقامی صنعت کو ترقی ملے گی بلکہ عوام کیلئے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔