عمران خان کا سکندر سلطان کے چیف الیکشن کمشنر ہوتے عام انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان

04:55 AM, 22 Jul, 2022

نیا دور
عمران خان کا سکندر سلطان کے چیف الیکشن کمشنر ہوتے عام انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان، کہا جس طرح الیکشن کمیشن نے الیکشن کرایا ان کو سزا دینی چاہیے، سکندر سلطان جیسا بددیانت چیف الیکشن کمشنر نہیں دیکھا۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے ملک بھر میں منعقدہ احتجاجی ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب ضمنی الیکشن 13پارٹیوں، انتظامیہ، الیکشن کمیشن کے خلاف لڑا، جس طرح الیکشن کمیشن نے الیکشن کرایا ان کو سزا دینی چاہیے، الیکشن کمیشن نے ہر حربہ استعمال کیا، سکندر سلطان جیسا بددیانت چیف الیکشن کمشنر نہیں دیکھا، سکندر سلطان کے چیف الیکشن کمشنر ہوتے عام انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے، ڈسکہ الیکشن اس نے ہروایا، سینیٹ الیکشن کے خلاف ہم سپریم کورٹ گئے، سپریم کورٹ نے رولنگ دی جو بھی ووٹ ڈالا جائے اس کی تصدیق ہونی چاہیے۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ اس الیکشن کمشنر نے ووٹوں کی تصدیق کی اجازت نہیں دی، پاکستان کی تاریخ کا سب سے زیادہ پیسہ سینیٹ الیکشن میں چلا، یوسف رضا گیلانی کا بیٹا پیسے دیتے پکڑا گیا، ہم چیف الیکشن کمشنر کے پاس گئے تو یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا، ضمنی الیکشن میں پولیس کو استعمال کیا گیا، ریاست کی تمام مشینری کے استعمال کے باوجود قوم کو مبارکباد دیتا ہوں، ضمنی الیکشن میں جس طرح خواتین باہر نکلیں سلام پیش کرتا ہوں، اسٹیبلشمنٹ جس کی مدد کرے وہ جیتے وہ دن چلے گئے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ آج یہ کہنا چاہتا ہوں ان کو ساڑھے تین سال بچایا گیا ہے، جن کے پاس پاور تھی میں بے بس تھا انہوں نے ان کا احتساب نہیں ہونے دیا۔ یہ پچھلے 35 سال سے ملک کو لوٹ رہے ہیں، ان لوگوں کو بچایا گیا، ضمنی الیکشن میں ہمیں ہرانے کی کوشش کی گئی، زرداری چوڑا ہوکر پھرتا ہے، زرداری جیسا شخص اس ملک کی توہین ہے، زرداری نے بے دردی کے ساتھ سندھ کو لوٹا، پاکستان کے فنانشنل ہب میں ان چوروں کو بٹھایا ہوا ہے، انہوں نے قوم کو بھیڑ، بکریاں سمجھا ہوا ہے۔

اگر انہوں نے چوری کے پیسے سے عوام کا مینڈیٹ چوری کیا تو تمام اداروں کو وارننگ دے رہا ہوں، تمام اسٹرگل قانون کے دائرے میں رہی، انشا اللہ پنجاب میں ہماری حکومت آئے، جن افسران نے بچوں، خواتین پر ظلم کیا انہیں بھولیں گے نہیں، ہم نے ہمیشہ پرامن احتجاج کیا ہے، اگر انہوں نے مینڈیٹ چوری کیا تو پھرلوگ میرے کنٹرول میں نہیں رہیں گے، یہ قوم جاگی ہوئی ہے۔ اگر مینڈیٹ چوری ہوا تو پھرقوم نے چپ کرکے نہیں بیٹھنا، ایک ممبر کو انہوں نے کروڑوں روپے دے کر ترکی بھجوا دیا ہے، کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، اگر واقعی ووٹ کو عزت دی گئی تو اللہ کا شکرادا کریں گے اور جشن منائیں گے۔
مزیدخبریں