وزارتِ اعلیٰ پنجاب کیلئے تاریخی دنگل آج ہوگا، PTI کے پاس 186، ن لیگ کے 179 ارکان ہوٹل میں موجود

06:43 AM, 22 Jul, 2022

نیا دور
وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے لیے ووٹنگ آج ہوگی، مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں نے حمزہ شہباز جبکہ پی ٹی آئی اور ق لیگ نے چوہدری پرویز الہیٰ کو امیدوار نامزد کیا ہے۔

وزیراعلی کے انتخاب کے لئے پنجاب اسمبلی کا اجلاس جمعے کی شام چار بجے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کی صدارت میں ہوگا، جس میں پنجاب کے نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کرائی جائے گی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ تحریک انصاف کے پاس اس وقت 186 ارکان ہوٹل میں موجود ہیں۔

پی ٹی آئی کے 15ارکان اسمبلی کے حلف اٹھانے کے بعد ایوان میں تحریک انصاف کے کُل ممبران تعداد 178 ہوگئی ہے، جبکہ مسلم لیگ ق کے ارکین کی تعداد 10 ہے۔ پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ق کے اراکین کو ملا کر تعداد 188 ہے جبکہ ایک رکن اسمبلی بیرون ملک میں ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کرسکیں گے، جبکہ پی ٹی آئی کے چوہدری مسعود بھی ملک سے باہر ہونے کی وجہ سے اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کرسکیں گے۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے پاس ہوٹل میں اس وقت 160 ارکان موجود ہیں۔

ذرائع ن لیگ کا کہنا ہے کہ ن لیگ کے راجہ صغیر کی کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

ن لیگ ذرائع کا کہنا ہے کہ راجہ صغیر کے نوٹی فکیشن کے بعد ن لیگ اور اتحادیوں کے ارکان کی تعداد 179 ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں مہمانوں کا داخلہ بند کردیا گیا ہے، میڈیا پریس گیلری سے کوریج کرے گا، موبائل فون لے جانے کی اجازت نہیں ہے۔

پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے سلسلے میں ہونے والے اجلاس کی سیکیورٹی سے متعلق ڈپٹی اسپیکر کے مراسلے پر سیکیورٹی پلان بھی مرتب کرلیا گیا۔
مزیدخبریں