لودھراں سے منتخب آزاد رکن رفیع الدین کا حمزہ شہباز کو ووٹ دینے کا اعلان

09:28 AM, 22 Jul, 2022

نیا دور
لودھراں سے منتخب ہونے والے آزاد رکن رفیع الدین نے حمزہ شہباز کو ووٹ دینے کا اعلان کردیا۔آزاد رکن رفیع الدین کا کہنا ہے کہ وزارت اعلیٰ کے لیے حمزہ شہباز کو سپورٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی کسی جماعت میں شامل نہیں ہورہا فی الحال حمزہ شہباز کا ساتھ دے رہا ہوں۔

دوسری جانب تحریک انصاف اور ق لیگ کے ارکان اسمبلی بسوں پر اسمبلی پہنچ گئے ہیں۔

پنجاب کی وزارت اعلی کا تاج کس کے سر سجے گا اس کا فیصلہ آج (جمعہ) کے روزکی رائے شماری میں ہوگا ، مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی کی جانب سے حمزہ شہباز جبکہ تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق)کی جانب سے چوہدری پرویز الٰہی امیدوار ہیں ،وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لئے 186ووٹ حاصل کرنا ہوں گے اور امیدواروں کی جانب سے مطلوبہ تعداد حاصل نہ کر سکنے پر رن آف الیکشن ہوگا جس میں زیادہ ووٹ حاصل کرنے والا امیدوار وزیر اعلیٰ کی کرسی پر براجمان ہوگا، ڈپٹی سپیکر سردار دوست مزاری اجلاس کی صدارت کریں گے۔

اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں جبکہ وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لئے ضابطہ اخلاق بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں ق پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 7 کہوٹہ کلرسیداں میں مسترد شدہ ووٹوں کی جانچ پڑتال مکمل ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے فاتح امیدوار کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

ضمنی الیکشن کے دوران مسترد شدہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بعد ریٹرننگ افسر نے پی پی 7 کہوٹہ کے نتائج جاری کر دیے ہیں۔آر او پی پی 7 نے رات ڈھائی بجے مسترد ووٹوں کی جانچ پڑتال مکمل کرکے نتائج جاری کیے۔مسترد شدہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے دوران مسلم لیگ ن کے امیدوار راجہ صغیر کے 12 ووٹ بڑھ گئے جبکہ پی ٹی آئی کے امیدوار شبیر اعوان کے ووٹوں کی تعداد میں 6 ووٹوں کا اضافہ ہوا۔
مزیدخبریں