عامر لیاقت کی سابق اہلیہ بشریٰ اقبال کا دانیہ ملک کیخلاف کیس کرنے کا اعلان

12:54 PM, 22 Jul, 2022

نیا دور
مرحوم رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کی سابق اہلیہ ڈاکٹر بشریٰ اقبال نے دانیہ ملک کیخلاف کیس درج کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ اس معاملے میں وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) سے رجوع کیا جائے گا۔

تفصیل کے مطابق دانیہ ملک کی جانب سے عامر لیاقت کی ویڈیوز کو سوشل میڈیا پر شیئر کیے جانے اور انہیں پریشان کرنے کے معاملے پر ان کی سابق پہلی بیوی بشریٰ اقبال نے ایف آئی اے میں جانے کا اعلان کردیا ہے۔

بشریٰ اقبال نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا کہ وہ ایف آئی اے کے سائبر کرائم میں دانیہ ملک اور ان کی والدہ کے خلاف شکایت درج کروانے جا رہی ہیں۔ انہوں نے مداحوں سے اس ضمن میں دعا کی اپیل بھی کی مگر انہوں نے اس حوالے سے مزید کوئی وضاحت نہیں کی کہ وہ کن الزامات اور بنیاد پر دانیہ ملک کے خلاف ایف آئی اے میں مقدمہ دائر کریں گی۔ تاہم انہوں نے اپنی پوسٹس میں عامر لیاقت کے ہیش ٹیگ کا استعمال کیا۔


بشریٰ اقبال اور عامر لیاقت کے درمیان دسمبر 2020 میں طلاق ہوگئی تھی، دونوں کی شادی دو دہائیوں سے زیادہ عرصے تک چلی۔  بشریٰ اقبال اس وقت دو بچوں بیٹے احمد اور بیٹی دعا عامر کے ہمراہ رہتی ہیں۔ عامر لیاقت نے بشریٰ اقبال سے شادی ختم ہونے سے قبل ہی اگست 2018 میں ماڈل طوبیٰ انور سے شادی کی تھی، جنہوں نے ان سے فروری 2022 میں خلع لے لی تھی۔

فروری 2022 میں ہی عامر لیاقت نے پنجاب کی رہائشی 18 سالہ دانیہ ملک سے تیسری شادی کرلی تھی، جنہوں نے محض تین ماہ بعد مئی میں تنسیخ نکاح کے لیے پنجاب کی عدالت میں درخواست دائر کی تھی مگر ان کی خلع ہونے سے قبل ہی عامر لیاقت انتقال کر گئے تھے۔

عامر لیاقت کے انتقال کے ایک ماہ بعد تین دن قبل ہی دانیہ ملک نے سندھ ہائی کورٹ میں شوہر کا پوسٹ مارٹم کروانے کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا اور اب ان کی درخواست پر آئندہ ہفتے 28 جولائی کو سماعت ہوگی۔
مزیدخبریں