پی ٹی آئی نے ہنگامہ آرائی کی تو سختی سے نمٹا جائے گا: رانا ثناء اللہ کی وارننگ

05:03 PM, 22 Jul, 2022

نیا دور
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے وزیراعلیٰ کے انتخاب میں حمزہ شہباز شریف کی جیت کے بعد تحریک انصاف کی قیادت کو وارننگ دی ہے کہ اگر انہوں نے کسی بھی قسم کی ہنگامہ آرائی کی کوشش کی تو ان کیساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔

رانا ثناء اللہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عدالتی فیصلہ ہے پارٹی ڈائریکشن کے خلاف ووٹ کاسٹ ہوگا تو گنا نہیں جائے گا، اس سے پہلے 25 لوگ اس فیصلے کا نشانہ بنے۔ حمزہ شہباز آج دوبارہ اکثریت حاصل کر کے وزیراعلیٰ بن گئے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی حکمرانی ہر صورت برقرار رکھی جائے گی، ہنگامہ آرائی کی کوشش کی تو سختی سے نمٹیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان جیسا متکبر شخص اس ملک میں فتنہ پیدا کرنا چاہتا ہے، فسادی ٹولے کا تکبر آج پوری قوم نے دیکھا۔  آج جمہوریت اور رواداری کا بول بالا ہوا۔ ن لیگ کی قیادت اور کارکن چوہدری شجاعت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔



واضح رہے کہ آج وزارت اعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں پرویز الہیٰ 186 ووٹ لینے کے باوجود وزارت اعلیٰ کا عہدہ حاصل نہ کرسکے، ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری نے چوہدری شجاعت حسین کے خط کو بنیاد بنا کر مسلم لیگ ق کے 10 ووٹ مسترد کر دیئے جس کے بعد حمزہ شہباز 179ووٹ لے کر وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوگئے۔


مزیدخبریں