6 ہفتوں میں نگران حکومت آجائے گی،وہی طے کرے گی نیا آرمی چیف کون بنے گا: نجم سیٹھی

05:24 PM, 22 Jul, 2022

نیا دور
سینئر تجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ میری پیشن گوئی یہ ہے کہ زیادہ سے زیادہ 6 ہفتوں میں اسلام آباد میں نگران حکومت آجائے گی۔ اگلی نئی حکومت طے کرے گی کہ نیا آرمی چیف کون بنے گا۔

نیا دور ٹی وی کے پروگرام ''خبر سے آگے'' میں اپنا تجزیہ پیش کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ اگلے دس پندرہ دنوں میں مسلم لیگ ن کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ کیا کرنا ہے، خود جانا ہے یا نکالے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھ سے یہ مشورہ لیں اگر جگہ بنتی ہے تو پی ڈی ایم والوں کو چاہیے کہ نیا بیانیہ بنائے، ہمیں عمران نے نہیں نکالا، ہم ملک کو ڈیفالٹ سے روکنے کیلئے آئے تھے لیکن اب ہم جا رہے ہیں۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں اگلے الیکشن میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن والے مل کر حکومت بنائیں گے عمران خان اکیلا حکومت نہیں بنا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ جب عمران خان کو نکالا گیا تھا تو وہ بہت تو اس کی مقبول بہت نیچے جا چکی تھی۔ اگر اس وقت ہی پی ڈی ایم والے الیکشن کروا لیتے تو انہوں نے سویپ کر جانا تھا۔

پروگرام میں شریک سینئر صحافی ضیغم خان نے بھی ملک کی بنتی بگڑتی سیاست اور دیگر معاملات پر بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ماشاء اللہ ہماری عدالت بھی بالکل تیار ہے جو بھی چیز ان کے پاس آتی ہے وہ ان کے متعلق ہو یا نہ ہو، اس میں وہ دو چیزوں کا اضافہ کر ہی دیتے ہیں۔

چودھری شجاعت کے خط کے معاملے پر بات کرتے ہوئے ضیغم خان نے کہا کہ یہ پوری صورتحال جمہوریت کے لحاظ سے افسوس ناک ہے۔ اگر پارلیمانی پارٹی کی ساری اکثریت ایک طرف جا رہی ہے تو پھر پارٹی ہیڈ کو کیا حق پہنچتا ہے۔

رائے شاہنواز کا کہنا کہ آج حیرت انگیز طور پر جب ڈپٹی سپیکر رولنگ دے رہے تھے تو تحریک انصاف اور ق لیگ کا کیمپ مکمل طور پر خاموش رہا۔ ان کی باڈی لینگویج سکتے میں رہی، راجہ بشارت کے علاوہ کوئی نہیں بولا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج چودھری پرویز الٰہی اور ان کے رفقا کی خاموشی بہت زیادہ معنی خیز رہی ہے، ورنہ یہی چودھری پرویز الٰہی ہیں انہوں نے ناک میں دم کر رکھا تھا۔
مزیدخبریں