افغانستان کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام نے نے مختلف علاقوں میں زلزلے سے 950 افراد کی اموات کی تصدیق کردی۔ زلزلے سے 600 سے زائد افراد زخمی ہوئےہیں۔ زلزلے سے سب سے زیادہ تباہی صوبہ پکتیکا میں ہوئی جہاں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 100 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
امریکی جیولوجیکل سروے کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز خوست شہر سے 27 میل دور تھا اوراس کی گہرائی 31 میل تھی۔ زلزلے کے جھٹکے افغان دارالحکومت کابل میں بھی محسوس کئے گئے۔حکام نے امدادی ٹیموں سے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں پہنچنے کی اپیل کی ہے۔
زلزلے سے کچے مکانات گر گئے اورزمین میں دراڑیں پڑگئیں۔ زلزلے سے اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہرکیا گیا ہے۔ زلزلہ بھارت کے کچھ علاقوں میں بھی محسوس کیا گیا۔
ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.1 تھی اور اس کا مرکز خوست شہر سے 44 کلومیٹر دور تھا جبکہ اس کی گہرائی 51کلومیٹر تھی۔
اس سے قبل وزارت داخلہ کے عہدیدار صلاح الدین ایوبی نے کہا تھا کہ اکثر اموات مشرقی صوبے پکتیکا میں ہوئیں جہاں 255 افراد ہلاک اور 250 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبہ خوست میں 25 افراد جان سے گئے اور 90 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔
انہوں نے کہا تھا کہ اموات میں اضافے کاخدشہ ہے کیونکہ کچھ گاؤں دور دراز پہاڑی علاقوں میں ہیں اور معلومات اکٹھی کرنے میں وقت لگے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے افغانستان میں زلزلے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہاکہ مشکل کی اس گھڑی میں اپنے افغان بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہیں اور زلزلے سے بالخصوص پکتیکا کے علاقے میں اموات پر دلی افسوس ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گا، اس سلسلے میں متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
وزیراعظم نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے بھی دعا اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا جبکہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان میں افغانستان میں زلزلے سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اور عوام افغانستان کے صوبہ پکتیکا اور اس سے ملحقہ علاقوں میں آنے والے المناک زلزلے اور ملک بھر کے مختلف صوبوں میں آنے والے طوفانی سیلاب سے ہونے والے قیمتی جانوں کے ضیاع اور املاک کو پہنچنے والے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام مشکل کی اس گھڑی میں اپنے افغان بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیں اس بات میں کوئی شک نہیں کہ برادر افغان عوام اپنی صلاحیتوں کی بدولت اس قدرتی آفت کے اثرات پر قابو پا لیں گے۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ ہمارے حکام اور ادارے اپنے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر افغانستان کو مطلوبہ امداد فراہم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے افغانستان میں زلزلے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پردکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میری ہمدردیاں زلزلہ متاثرین کے ساتھ ہیں، زلزلے میں جاں بحق ہونے والوں اور زخمیوں کے لیے دعا گو ہوں۔
ڈاکٹر عارف علوی نے سوگواران سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں افغانستان کے ساتھ کھڑا ہے۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے ٹوئٹر پر کہا کہ زلزلے کے نتیجے میں جانی نقصان پر میری دعائیں اور ہمدردیاں افغان عوام اور حکومت کے ساتھ ہیں، میں نے خیبرپختونخوا حکومت کو ہر قسم کی امداد خصوصاً طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایات دے دی ہیں۔