سابق چیئرمین نیب کیساتھ ویڈیو اور آڈیو سکینڈل، خاتون طیبہ گل کا کارروائی کا مطالبہ

05:10 PM, 22 Jun, 2022

نیا دور
سابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے ساتھ ویڈیو سکینڈل کے معاملے پر طیبہ گل نامی خاتون نے پبلک اکائونٹس کمیٹی کے چیئرمین کو خط لکھ دیا ہے۔

خاتون طیبہ گل کی طرف سے سابق چیئرمین نیب جسٹس ریڑائرڈ جاوید اقبال اور ڈی جی نیب سلیم شہزاد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ چیئرمین پی اے سی نورعالم خان نے خط میڈیا کو بھی دے دیا ہے۔

چیئرمین پی اے سی نور عالم خان کی جانب سے کی طرف سے جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال اور طیبہ گل کو پی اے سی میں بلانے کا عندیہ دے دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ مئی 2019ء میں نجی ٹی وی نے چیئرمین نیب کی ٹیلی فونک گفتگو اور طیبہ گل سے جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی اپنے دفتر میں ملاقات کی ویڈیو نشر کی تھی۔

آج پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے چیئرمین نور عالم خان کے زیر صدارت اجلاس میں ویڈیو سکینڈل معاملے پر بات کی گئی۔ چیئرمین نے اجلاس کے شرکا کو بتایا کہ طیبہ گل نامی ایک خاتون نے سابق چیئرمین نیب کے خلاف شکایت بھیجی ہے۔



نور عالم خان کا کہنا تھا کہ خاتون طیبہ گل نے نا صرف سابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال بلکہ ڈی جی نیب سلیم شہزاد کیخلاف بھی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

چیئرمین پی اے سی نے خط کی کاپی ممبران کمیٹی اور میڈیا کو بھی دیتے ہوئے کہا کہ خاتون کی شکایت چیئرمین نیب کو بھیج کر رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے اجلاس میں سوال اٹھایا کہ کیا ہمیں جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال اور شکایت کنندہ خاتون کو بھی طلب کرنا چاہیے؟

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ہر ایک کو سننے اور اپنی بات کہنے کا موقع دینا چاہیے۔ سابق چیئرمین نیب ہوں یا کوئی اور اگر کسی نے بھی اختیارات سے تجاوز کیا تو اس کو جواب دینا ہوگا۔

نور عالم خان کا کہنا تھا کہ اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچايا جائے گا۔ سابق چيئرمين نیب اور خاتون کو اپنی بات کہنے کا پورا موقع ديا جائے گا جبکہ الزام لگانے والی خاتون کو ثبوت لانا پڑيں گے۔

 
مزیدخبریں