'میں عمران خان کو ارطغرل سمجھتا تھا لیکن اب میں ان سے دکھی ہوں، چینل نے میرا بیان توڑ مروڑ کر نشر کیا'

12:22 PM, 22 Mar, 2022

نیا دور
پی ٹی آئی کے منحرف رکن قومی اسمبلی احمد حسین دیہڑ نے اے آر وائی نیوز کی خبر کو فیک قرار دیدیا، انہوں نے کہا کہ میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے۔ ایسی صحافت نہیں ہونی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ کل ایک نجی ٹیلی وژن نے میرا انٹرویو ریکارڈ کیا اور اس میں میرا ایک پرانا بیان دکھایا جس میں میں نے کہا تھا کہ عمران خان کو چھوڑنے والے کو بے غیرت سمجھتا ہوں۔ میں تو انھیں ارطغرل کا خطاب بھی دیتا تھا لیکن ایک دن میں نے دیکھا کہ عمران خان 7 ایسے اراکین صوبائی اسمبلی کو اپنی جماعت میں شامل کر رہے ہیں جن کا تعلق مسلم لیگ ن سے تھا۔

احمد حسین دیہڑ کا کہنا تھا کہ یہ دیکھ کر میرے خوابوں کا محل ٹوٹ گیا کہ میرا لیڈر یہ کیا کر رہا ہے۔ میں عمران خان کے اس اقدام سے بہت دکھی ہوا۔ اب یہی بات میں نے جب چینل کو بتائی تو انہوں نے میری بات کو توڑ مروڑ کر آگے پیچھے سے فقرے کاٹ کر یہ تاثر دینے کی کہ یہ بیان میں نے حال ہی میں دیا ہے۔



رکن قومی اسمبلی احمد حسین دیہڑ کا کہنا تھا کہ مجھے نجی ٹی وی چینل کی اس حرکت پر بہت دکھ ہے۔ اس طرح کی صحافت نہیں ہونی چاہیے۔ میرا پورا بیان نشر کرنے کی بجائے صرف وہی حصہ لیا گیا جس میں میں کہہ رہا ہوں کہ عمران خان کو چھوڑنا بے غیرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چینل کی جانب سے میرے بارے میں غلط خبر نشر کی گئی ہے، میں اس کی پرزور مذمت کرتا ہوں۔ میں اپنے مطالبات پر اب بھی قائم ہوں۔ میری درخواست ہے کہ میری کردار کشی نہ کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا ساتھ چھوڑنے والے کو بے غیرت سمجھتا ہوں، پی ٹی آئی رکن اسمبلی احمد حسین دیہڑ

خیال رہے کہ اے آر وائی نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے ناراض رکن قومی اسمبلی احمد حسین دیہڑ نے کہا ہے کہ میں وزیراعظم عمران خان کا ساتھ چھوڑنے والے کو بے غیرت سمجھتا ہوں۔ تحریک عدم اعتماد کی ووٹنگ والے دن اسمبلی نہیں جائوں گا۔

احمد حسین دیہڑ کا کہنا تھا کہ اپنے حلقے کے مسائل پر کافی عرصے سے احتجاج کر رہا تھا لیکن میری بات سنی نہیں گئی۔ مطالبے پورے نہیں کئے گئے اور اوپر سےالزام لگا رہے ہیں کہ میں نے پیسے لئے ہیں۔


اے آر وائی نیوز کی جانب سے نشر کی گئی ویڈیو میں ان کا کہنا تھا کہ میں اپنی جماعت تحریک انصاف کے ساتھ کھڑا ہوں اور کسی اور کے ساتھ جانے کا اعلان نہیں کیا۔ مطالبات پورے نہ ہوئے تو سیاست چھوڑ کر گھر بیٹھ جاؤں گا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی ووٹنگ والے دن قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت ہی نہیں کروں گا۔

پی ٹی آئی رکن اسمبلی کا کہنا تھا کہ میں نے اپوزیشن سے ملاقات کی نہ ہی سندھ ہاؤس گیا۔ اپوزیشن جانتی ہے میں وقت پر حکومت کے ساتھ کھڑا ہوتا ہوں۔ میں دغا کرنیوالا نہیں تھا اور نہ ہی اب کروں گا۔
مزیدخبریں