تفصیلات کے مطابق پاکستان میں اموات کی مجموعی تعداد 1067 ہو گئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 50694 تک پہنچ گئی ہے۔ اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 365 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ سندھ میں 336 اور پنجاب میں 310 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ بلوچستان میں 39، اسلام آباد 12، گلگت بلتستان میں 4 اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔
تشویشناک صورتحال یہ ہے کہ وہ علاقے جہاں ابھی اس وائرس کا زور کم تھا وہاں بھی اس کے زور میں اضافہ دکھائی دے رہا ہے۔ جیسا کہ دارالحکومت اسلام آباد جو کہ وائرس سے کم متاثر علاقوں میں شامل تھا اب وہاں بھی کیسز کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ سرکاری سطح پر قائم ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں کرونا وائرس کے مزید 91 نئے کیسز اور 2 اموات سامنے آئیں۔ جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں اب تک متاثرہ افراد کی تعداد 1235 سے بڑھ کر 1326 ہوگئی جبکہ اموات بھی 10 سے بڑھ کر 12 تک پہنچ گئیں۔
وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری اس بات کا عندیہ دے چکے ہیں کہ پاکستان میں وبا کے حوالے سے جون کے وسط میں حالات سنگین ہوں گے اور اس کا دباؤ بہت زیادہ ہوگا۔