اطلاعات کے مطابق 80 سال کی مریضہ کا سرجیکل ٹاور میں سیکیورٹی گارڈ نے آپریشن کیا۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ 17 مئی کی شام کوخاتون کو پھوڑے کے علاج کیلئے سرجیکل ایمرجنسی میں لایا گیا تھا۔
لواحقین کے مطابق غلط آپریشن سےخون بند نہ ہوا لیکن پٹی کرکے گھر بھجوا دیا گیا، جبکہ سیکیورٹی گارڈ خود کو ڈاکٹر ظاہر کرکے 2 روز تک گھر میں مریضہ کی پٹی بھی کرتا رہا، مریضہ کا خون بند نہ ہونے سے حالت بگڑ گئی۔ لیکن جب مریضہ کو دوبارہ اسپتال لایا گیا توحقیقت سامنے آئی۔
میو اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر افتخار کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے سیکیورٹی اہلکار وحید بٹ کو پولیس کے حوالے کردیا ہے جبکہ آپریشن تھیٹر میں ڈیوٹی پر مامور ملازم عثمان بٹ کو بھی معطل کر دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر افتخار احمد کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی قائم کردی گئی ہے، ملزم کی مبینہ مدد کرنے والے اہلکار کے خلاف بھی کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔ ایم ایس نے کہا کہ مریضہ کی حالت تشویشناک ہے، اور ان کا علاج جاری ہے۔