شمالی وزیرستان میں شدت پسندوں نے لڑکیوں کے دو سکول تباہ کردیے

11:06 AM, 22 May, 2023

نیا دور
شمالی وزیر ستان کے علاقے میرعلی میں شدت پسندوں نےگرلز مڈل سکولوں کو بارود سے تباہ کردیا۔

میر علی کے ڈی پی او سلیم ریاض کے مطابق شدت پسندوں نے رات گئے 2 گرلز مڈل سکولوں کو بارود سے تباہ کردیا۔

ڈی پی او کے مطابق  دھماکے میں گورنمنٹ گرلز مڈل سکول حسوخیل اور گرلز مڈل سکول نور جنت گل کو نقصان پہنچا۔ ڈی پی او نے مزید بتایا کہ گرلز سکولوں کو بارود سے تباہ کرنے کے واقعات میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

یہ افسوسناک واقعہ اس ماہ کے شروع میں تحصیل اپر کرم میں الگ الگ فائرنگ میں پانچ اساتذہ سمیت کم از کم آٹھ افراد کی ہلاکت کے بعد پیش آیا۔

پہلا واقعہ پاراچنار میں پیش آیا جہاں چلتی کار میں ایک استاد کو قتل کر دیا گیا جو کہ ضلع کرم کا صدر مقام ہے اور اپر کرم میں واقع ہے۔

ایک الگ واقعے میں نامعلوم مسلح افراد نے گورنمنٹ ہائی سکول تری منگل کے سٹاف روم میں فائرنگ کر کے چار اساتذہ سمیت سات افراد کو ہلاک کر دیا۔ طلباء کے امتحانات کے انعقاد کے لیے تمام معلمین عمارت میں موجود تھے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق، تین دیگر متاثرین ڈرائیور تھے جو سکول میں سامان پہنچانے آئے تھے۔
مزیدخبریں