چترال؛ سیاسی، سماجی اور کاروباری افراد کی پاک فوج کے حق میں ریلی

03:51 PM, 22 May, 2023

گل حماد فاروقی
ملک کے دیگر حصوں کی طرح چترال میں بھی پاک فوج کے حق میں ریلی نکالی گئی جس میں فوج کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔ ریلی میں مختلف سیاسی، سماجی اور کاروباری افراد نے شرکت کی۔

ریلی اتالیق بازار سے شروع ہوئی اور بائی پاس روڈ سے ہوتی ہوئی چھاؤنی پل پر پہنچ کر وہاں سے دوبارہ چترال بازار کی طرف روانہ ہوئی۔ ریلی میں محتلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں، تاجر یونین کے عہدیداروں، سماجی کارکنان، سول سوسائٹی کی شخصیات اور دکان داروں نے شرکت کی۔ ریلی کی قیادت فرمان اللہ کر رہے تھے۔



ریلی میں علاقے کے سماجی کارکنان نے بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر پاک فوج کے حق میں نعرے درج تھے۔ ان بینرز اور پلے کارڈز پر 'یہ سوہنی دھرتی ہے اس کے پیچھے وردی ہے'، ' پاک فوج زندہ باد' اور ' پاک فوج ہم تمہارے ساتھ ہیں' جیسے نعرے درج تھے۔ ریلی کے شرکا نے اپنی گاڑیوں پر بھی پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہرا رکھا تھا اور بعض شرکا نے موٹر سائیکلوں پر بھی قومی پرچم لہراتے ہوئے ریلی میں پاک فوج کے حق میں نعرے بازی کی۔

اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ریلی کے شرکا کا کہنا تھا کہ ہم تمام تر سیاست سے بالاتر ہو کر پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر اس ریلی میں شریک ہوئے ہیں۔ پاک فوج ہے تو ہم سکون کی نیند سوتے ہیں ورنہ شام، عراق، افغانستان اور فلسطین کی حالت سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک پرامن ریلی نکالی جس میں پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔ پاک فوج اگر ہے تو ہم ہیں، اگر پاک فوج نہیں ہے تو ہم بھی نہیں ہوں گے۔

شرکا نے کہا کہ جو لوگ ہمارے قومی اداروں کے خلاف نفرت پھیلاتے ہیں یا قومی املاک پر حملے کر کے ان کو نقصان پہنچاتے ہیں ہم پُرزور الفاظ میں ان کی مذمت کرتے ہیں اور اس منفی ایجنڈے کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔ ریلی کے شرکا چھاؤنی پل سے واپس آ کر بائی پاس روڈ پر پرامن انداز میں منتشر ہو گئے۔
مزیدخبریں