مردہ خانے میں رکھی لاش اچانک زندہ، ڈاکٹروں کے ہوش اُڑ گئے

11:45 AM, 22 Nov, 2021

نیا دور
کیا 7 گھنٹے مردہ خانے کے فریزر میں رہنے کے بعد لاش زندہ ہوسکتی ہے؟ جی ہاں، ایسا ہی معاملہ اتر پردیش کے مراد آباد میں دیکھنے کو ملا۔

بعض اوقات ایسے واقعات رونما ہوتے ہیں جن پر یقین کرنا مشکل ہوتا ہے۔ اگر آپ کو بتایا جائے کہ کوئی شخص مرنے کے سات گھنٹے بعد زندہ ہو گیا تو کیا آپ آسانی سے یقین کر لیں گے؟

کیا آپ جاننا چاہیں گے کہ اس شخص کے ساتھ کیا ہوا؟ کیا ڈاکٹروں کی جانب سے مردہ قرار دیے جانے کے بعد معائنہ صحیح طریقے سے ہوا؟ آئیے آپ کو ایک ایسے واقعے کے بارے میں بتاتے ہیں جس میں ایک شخص مرنے کے 7 گھنٹے بعد زندہ ہو گیا۔

 

ایسا ہی ایک واقعہ اتر پردیش کے مراد آباد ضلع میں سامنے آیا ہے۔ ٹائمز آف انڈیا کی خبر کے مطابق تیز رفتاری سے گاڑی چلانے والے ایک شخص نے سڑک پر جا رہے سریش کمار نامی شہری کو ٹکر مار دی۔

جمعرات کی رات اسے ہسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیدیا۔ اگلے دن ہسپتال کے عملے نے لاش کو فریزر میں رکھ دیا۔ تقریباً 7 گھنٹے بعد ایسا واقعہ پیش آیا جس کے بارے میں کوئی اندازہ بھی نہیں لگا سکتا۔

اس معاملے میں پولیس نے بتایا کہ لاش کو تقریباً 7 گھنٹے تک فریزر میں رکھنے کے بعد جب لاش لواحقین کے حوالے کرنے کی بات ہوئی تو وہاں کہرام مچ گیا۔ اس کے بعد ڈاکٹروں کی ٹیم نے لاش کا معائنہ کیا تو پتا چلا کہ وہ شخص زندہ ہے۔ پھر اسے دوبارہ ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔ رپورٹ کے مطابق ہسپتال میں زیر علاج شخص میں بہتری آئی ہے۔

دوسری جانب مراد آباد ہسپتال کے چیف میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شیو سنگھ نے بتایا کہ ایمرجنسی ڈاکٹروں نے مریض کو صبح تین بجے دیکھا تو اس کا دل بند تھا۔ انہوں نے کئی بار اس شخص کا جائزہ لیا۔ تمام تحقیقات کے بعد ہی اسے مردہ قرار دیا گیا۔ تاہم اس معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔

 
مزیدخبریں