پاکستانی سیاست میں بھونچال: فواد چودھری، سابق چیف جسٹس کی ویڈیو سامنے لے آئے

03:25 PM, 22 Nov, 2021

نیا دور
پاکستانی سیاست میں ان دنوں بھونچال کی سی صورتحال ہے۔ رانا شمیم کے بیان حلفی کے بعد ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو کا طوفان تھما نہیں تھا کہ اب فواد چودھری بھی سابق چیف جسٹس کی ویڈیو سامنے لے آئے ہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر فواد چودھری نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی ایک پرانی ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں وہ ایک تقریب سے خطاب کرتے نظر آ رہے ہیں۔

اس ویڈیو کے اختتام پر جسٹس ریٹائرڈ ثاقب نثار کی وائرل ہونیوالی مبینہ آڈیو بھی شامل کی گئی ہے۔ اس میں ان کی تقریر میں شامل چند الفاظ ان کی مبینہ آڈیو میں بھی شامل ہیں، جس سے امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ یہ وائرل آڈیو ایڈٹ کی گئی ہے اور اس کے الفاظ مذکورہ ویڈیو سے لیے گئے ہیں۔

https://twitter.com/fawadchaudhry/status/1462723186777374724?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E1462723186777374724%7Ctwgr%5E%7Ctwcon%5Es1_c10&ref_url=https%3A%2F%2Furdu.geo.tv%2Flatest%2F270184-

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ لگتا ہے ججوں کیخلاف مہم کی تیاری ذرا جلدی میں کی گئی ہے۔ اس مذموم مہم کے پیچھے سارے کردار سامنے ہیں۔ امید ہے اس معاملے میں عدالتیں نرم رویہ اختیار نہیں کریں گی اور اس توہین آمیز مہم کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

یہ بات ذہن میں رہے کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار سے منسوب ایک مبینہ آڈیو ٹیپ سامنے آئی ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم کو سزا دینا ہوگی تاکہ عمران خان کو اقتدار میں لانے کی راہ ہموار ہو سکے۔

دوسری ثاقب نثار نے خود سے منسوب مبینہ آڈیو ٹیپ کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آڈیو میں آواز میری نہیں ، مجھ سے منسوب کی گئی آڈیو جعلی ہے، کبھی کسی کو اس حوالے سے کوئی ہدایات نہیں دیں۔
مزیدخبریں