کینیڈا کے عام انتخابات میں جسٹن ٹروڈو کی لبرل جماعت ایک بار پھر کامیاب

09:34 AM, 22 Oct, 2019

نیا دور
کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی لبرل جماعت عام انتخابات میں ایک بار پھر کامیاب، اتحادی حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی۔

تفصیلات کے مطابق کینیڈا میں جنرل الیکشن ہوئے ہیں جس میں دو بڑی جماعتوں لبرل پارٹی اور کنزرویٹو کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا۔ انتخابی نتائج کے مطابق جسٹن ٹروڈو کی لبرل جماعت نے 338 میں سے 156 نشستیں جیت لی ہیں جبکہ ان کی حریف کنزویٹیو پارٹی 100 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

ابتدائی نتائج کے مطابق علیحدگی پسند جماعت بلاک کیوبیکوز 33 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے جب کہ کنزرویٹو پارٹی کو 12، نیو ڈیمو کریٹک پارٹی 4 اور گرین پارٹی 1 نشست حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔

کینیڈا میں اکثریتی حکومت بنانے کے لیے کسی بھی جماعت کو 338 کے ایوان میں 170 نشستیں درکار ہیں۔ ابتدائی نتائج کے مطابق وزیراعظم ٹروڈو کی لبرل جماعت اتحادیوں کے ساتھ مل کر نئی حکومت کی تشکیل کی پوزیشن میں آگئی ہے۔

جسٹن ٹروڈو نے اعتماد کا مظاہرہ کرنے پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا کے عوام نے ترقی پسند ایجنڈے کے حق میں ووٹ دیے۔



خیال رہے کہ کینیڈا کی کل آبادی میں ووٹرز کی تعداد 2 کروڑ 74 لاکھ ہے جبکہ رواں انتخابات میں ٹرن آؤٹ 65 فیصد رہا جو اب تک کا سب سے بہتر ٹرن آؤٹ ہے۔ حالیہ انتخابات میں خواتین نے ریکارڈ 97 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے جس میں کینیڈا کی پہلی مقامی اٹارنی جنرل جڈی ولسن بھی شامل ہیں۔

جسٹن ٹروڈو کی کامیابی پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ایک ٹویٹ میں انہیں مبارک باد پیش کی اور لکھا کہ دونوں ممالک کی بہتری کے لیے ٹروڈو کے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہوں۔







یاد رہے کہ جسٹن ٹروڈو لبرل پارٹی سے ہی تعلق رکھنے والے آنجہانی اور سابق کینیڈین وزیراعظم پیرے ٹروڈو کے بیٹے ہیں۔




مزیدخبریں