وزیراعظم عمران خان نے پورن ویب سائٹس کو بلاک کرنے کا حکم دے دیا

09:03 AM, 22 Oct, 2021

نیا دور
وزیراعظم عمران خان نے حکام کو پورن ویب سائٹس کو بلاک کرنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ملک میں فحش ویب سائٹس کو بلاک کرنے سے متعلق اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں نوجوانوں بالخصوص بچوں کو آن لائن دستیاب غیر اخلاقی مواد سے بچانے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا ۔ اجلاس میں پروفیسر ڈاکٹر عطاء الرحمن ، چیئرمین نیاٹیل راشد خان اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے دور میں نسلِ نو کی کردار سازی بہت اہم ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے آلات اور تھری جی اور فور جی انٹرنیٹ کے پھیلاؤ نے لوگوں کی ہر قسم کے فحش مواد تک رسائی ممکن بنا دی ہے۔ ہمیں اپنے نوجوانوں بالخصوص بچوں کو آن لائن دستیاب غیر اخلاقی مواد سے بچانے کی ضرورت ہے۔

وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ آن لائن مواد کی موثر گیٹ کیپنگ کو یقینی بنائیں تاکہ معصوم دماغوں کو آن لائن غیر اخلاقی اور فحش مواد کے اثر سے بچایا جا سکے۔

اس سے قبل وزیر اعظم کو آگاہ کیا گیا تھا کہ مواد کی ترسیل کے نیٹ ورکس (سی ڈی این) خاص طور پر کلاؤڈ فیئر ، انٹرنیٹ ٹریفک کے کل شیئر کا 1-2 فیصد حصہ رکھتے ہیں، انہیں فحش مواد پیش کرنے کی شکایات ہیں۔ دیگر سی ڈی این اپنی پالیسیوں کے مطابق فحش مواد پیش نہیں کرتے۔

وزیراعظم کو یہ بھی بتایا گیا کہ پی ٹی اے کو آئی ایس پیز/سی ڈی اینز کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ سی ڈی این ، خاص طور پر کلاؤڈ فیئر کے ذریعے فحش مواد کو روکا جا سکے۔ پی ٹی اے کو اپنے ویئر ہاؤس مینجمنٹ سسٹم (ڈبلیو ایم ایس) کی استعداد کو بڑھانے کی بھی ضرورت ہے تاکہ فحش ویب سائٹس کے کچھ عالمی اور باقاعدگی سے اپ ڈیٹ شدہ ڈیٹا بیس کے ساتھ انضمام کرکے انہیں یو آر ایل اور ڈومین کی سطح پر بلاک کیا جا سکے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پی ٹی اے اس منصوبے کی فزیبلٹی پر کام کر رہا ہے جس کا نفاذ دو ماہ کی مدت میں ممکن ہو سکے گا۔
مزیدخبریں