ہندوستانی ٹیم مضبوط، ورلڈ کپ جیتنے کا زیادہ امکان ہے: انضمام الحق

12:19 PM, 22 Oct, 2021

نیا دور
سابق کپتان انضمام الحق نے کہا ہے کہ ویرات کوہلی کی قیادت والی ہندوستانی ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ جیت سکتی ہے کیونکہ متحدہ عرب امارات اور عمان کی کنڈیشن اس کیلئے زیادہ موزوں ہے۔

انضمام الحق نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف 153 رنز کا پیچھا کرتے ہوئے ہندوستان کو ویرات کوہلی کی بلے بازی کی ضرورت پیش نہیں آئی جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ان حالات میں بھی دنیا کی سب سے خطرناک ٹیم ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ٹورنامنٹ میں یہ یقینی طور پر نہیں کہا جا سکتا کہ کوئی ایک خاص ٹیم جیتے گی۔ یہ سب اس بات پر انحصار کرتا ہے کہ ان کے پاس اسے جیتنے کا کتنا موقع ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میری رائے میں ہندوستان کے پاس اس ٹورنامنٹ کو جیتنے کے لیے کسی بھی دوسری ٹیم کے مقابلے میں زیادہ امکانات ہیں۔ خاص طور سے ایسی صورتحال میں ان کے پاس ٹی 20 بہترین کھلاڑی بھی ہیں۔

سابق کپتان نے کہا کہ بھارت اصل میں ورلڈ کپ کے اس ایڈیشن کا میزبان ہے لیکن کورونا وائرس وبا کی وجہ سے یہ ٹورنامنٹ متحدہ عرب امارات اور عمان میں کھیلا جا رہا ہے۔ انگلینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف اپنے دونوں وارم اپ میچز جیت کر ہندوستان نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں داخل ہو کر اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کر دیا ہے۔

انہوں نے اپنے یوٹیوب چینل پر کہا کہ "بھارت نے آسٹریلیا کے خلاف اپنا وارم اپ میچ آرام سے کھیلا۔ برصغیر کی اس طرح کی پچوں پر بھارت دنیا کی سب سے خطرناک ٹی 20 ٹیم ہے۔ اگر ہم ان 155 رنز کو دیکھیں جن کا انہوں نے پیچھا کیا تو انہیں ایسا کرنے کیلئے ویرات کوہلی کی بھی ضرورت نہیں پڑی۔
مزیدخبریں