ورلڈ کپ2023 کیلئے 18 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان، حسن علی کی ٹیم میں واپسی

انضمام الحق کا کہنا تھا کہ حسن علی کو تجربے کی بنیاد پر سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ بڑے ایونٹ میں تجربہ کار باؤلر کی ضرورت ہوتی ہے جب کہ نسیم شاہ کا ٹیم میں نہ ہونا ہمارے لیے نقصان ہے لیکن پرامید ہیں وہ جلد ہی ٹیم میں واپس آئیں۔

12:30 PM, 22 Sep, 2023

نیا دور

پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے ورلڈکپ 2023 کے لیے 18 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کردیا۔

پی سی بی کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے پریس کانفرنس کےدوران 18 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کیا جس میں انہوں نے بتایا کہ نسیم شاہ کو انجری کے باعث سکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا اور اس طرح وہ ورلڈکپ سے باہر ہوگئے ہیں۔

انضمام الحق کا کہنا تھا کہ حسن علی کو تجربے کی بنیاد پر سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ بڑے ایونٹ میں تجربہ کار باؤلر کی ضرورت ہوتی ہے جب کہ نسیم شاہ کا ٹیم میں نہ ہونا ہمارے لیے نقصان ہے لیکن پرامید ہیں وہ جلد ہی ٹیم میں واپس آئیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس فاسٹ باؤلرز میں کافی انجریز ہیں۔بڑے میچز میں کوشش کی ہے باؤلر ایسے ہوں جن کے پاس تجربہ ہو جنہوں نے میچز کھیل رکھے ہوں۔ بھارت میں دوسری ٹیموں کی نسبت ہم پر زیادہ پریشر ہوتا ہے اس لیے پریشر ہینڈل کا بھی مسئلہ ہوتا ہے ان چیزوں کو دیکھتے ہوئے حسن علی کو شامل کیا گیا ہے۔

انضمام الحق نے بتایا کہ قومی اسکواڈ میں بابراعظم کپتان اور شاداب خان نائب کپتان ہوں گے۔

ورلڈکپ کے لیے قومی سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں میں بابراعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، فخر زمان، حارث رؤف، افتخار احمد، شاہین آفریدی، محمد رضوان، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، حسن علی، سعود شکیل، سلمان آغا اور اسامہ میر جبکہ ریزرو کھلاڑیوں میں محمد حارث، ابرار احمد اور زمان خان کو رکھا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ 5 اکتوبر سے 19 نومبر تک بھارت میں کھیلا جائے گا۔ ورلڈ کپ سے قبل پاکستانی ٹیم 29 ستمبر کو نیوزی لینڈ اور 3 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف دو وارم اَپ میچز کھیلے گی۔ وہ ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ 6اکتوبر کو نیدر لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔

پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ کا آغاز عالمی نمبر ایک رینکنگ کی ٹیم کی حیثیت سے کرے گی اس ورلڈ کپ سائیکل میں اس کی جیت کا تناسب تمام ٹیموں سے زیادہ ہے۔

پاکستانی ٹیم 2019 کے عالمی کپ میں نیوزی لینڈ سے کم رن ریٹ کی وجہ سے سیمی فائنل میں نہیں پہنچ سکی تھی جو ورلڈ کپ کی رنرز اَپ رہی تھی۔

پاکستان نے 1992میں ورلڈ کپ جیتا ہے جبکہ 1999 میں اس نے فائنل کھیلا تھا۔ اس کے علاوہ پاکستان چار مرتبہ 1979، 1983، 1987 اور 2011 میں سیمی فائنل بھی کھیل چکا ہے۔

مزیدخبریں