سنی دیول بی جے پی میں شامل، مشرقی پنجاب کے ضلع گرداس پور سے انتخاب لڑنے کا امکان

12:02 PM, 23 Apr, 2019

نیا دور
بھارت میں عام انتخابات کی گہماگہمی کے دوران بالی ووڈ کی بہت سی نامور شخصیات بھی اپنا سیاسی کیریئر شروع کرنے جا رہی ہیں اور اس فہرست میں اب سنی دیول کا اضافہ ہوا ہے جنہوں نے حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (پی جے پی) میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے دارالحکومت نئی دہلی میں وزیردفاع اور بی جے پی کے سینئر رہنماء نرملا سیتا رمن اور ریلوے کے وزیر پیوش گوئل کی موجودگی میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی۔

ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق، اداکار نے حکمران جماعت میں شمولیت اختیار کرنے کے بعد کہا کہ اہل بھارت کو ایک بار پھر نریندر مودی کو وزیراعظم بنانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا، میرے والد اٹل بہاری واجپائی کے ساتھ جڑے رہے اور اب میں بھی وزیراعظم نریندر مودی کا ساتھ دینا چاہتا ہوں۔



اداکار نے کہا، میں بی جے پی کے لیے صرف باتیں نہیں، عملی طور پر کام کروں گا۔

نرملا سیتا رمن نے کہا، سنی دیول کے بی جے پی میں شامل ہونے سے مجھے ان کی فلم بارڈر کی یاد آ گئی ہے جس سے یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ سنی دیول حب الوطنی کے تصور کا کس حد تک ادراک رکھتے ہیں۔ میں سنی دیول کی طرح کے اداکار کے بی جے پی میں شامل ہونے پر نہایت خوش ہوں۔

واضح رہے کہ سنی دیول کے والد اور بالی ووڈ کے بے مثل اداکار دھرمیندر اور والدہ اور معروف اداکارہ ہیمامالنی دونوں ہی بے جے پی کا حصہ رہے ہیں۔

یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ سنی دیول پنجاب کے ضلع گرداس پور کی نشست سے انتخاب لڑیں گے۔

ماضی میں ضلع گرداس پور سے اداکارونود کھنہ بھی بی جے پی کی جانب سے رکن پارلیمان رہ چکے ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل ہی ماضی کی معروف اداکارہ ارمیلا ماٹونڈکر نے کانگریس میں شمولیت اختیار کی تھی۔ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی پر طنز کرتے ہوئے کہا تھا، ان پر بایوپک نہیں بلکہ کامیڈی فلم بننی چاہئے۔

 
مزیدخبریں