بشریٰ بی بی کو دل کی کوئی تکلیف نہیں: میڈیکل رپورٹ

بشریٰ بی بی نے ڈاکٹروں کے اصرار کے باوجود دوبارہ بلڈ ٹیسٹ کرانے سے انکار کیا اور صرف ای سی جی اور بلڈ پریشر چیک کرنے کی اجازت دی۔پمز ہسپتال کے ڈاکٹرز نے بشری بی بی کا طبی معائنہ کر کے  انہیں بلڈ پریشر مانیٹرنگ ، صحت مندانہ طرز زندگی اور اچھی خوراک استعمال کرنے کی ہدایت دی۔

06:01 PM, 23 Apr, 2024

نیا دور

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی طبیعت اچانک بگڑ گئی جس کے بعد ڈاکٹروں کی ٹیم نے بنی گالا پہنچ کر ان کا طبی معائنہ کیا۔ گذشتہ رات طبی معائنے کی رپورٹ بھی سامنے آ گئی ۔

بشریٰ بی بی نے گلے اور بائیں ہاتھ میں درد کی جبکہ دل کی دھڑکن تیز ہونے کی شکایت کی تھی۔پمز ہسپتال کے ڈاکٹرز  کی ٹیم میں ڈاکٹر سدرہ ظہور، ڈاکٹرحرا اور ڈاکٹر بشریٰ لیاقت شامل ہیں۔

پمز ہسپتال کے ڈاکٹرز نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو مکمل فٹ قرار دے کر ان کی صحت کے حوالے سے تازہ ترین رپورٹ اعلی حکام کو بھجوا دی۔

میڈیکل رپورٹ کے مطابق بشریٰ بی بی کو دل کی کوئی تکلیف نہیں۔ ان کے دل کی دن اور رات کو دو بار ای سی جیز کیں تاہم کوئی فرق نہ آیا۔  انہیں بلڈ پریشر مانیٹرنگ ، صحت مندانہ طرز زندگی اور اچھی خوراک استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی۔

بشریٰ بی بی نے ڈاکٹروں کے اصرار کے باوجود دوبارہ بلڈ ٹیسٹ کرانے سے انکار کیا اور صرف ای سی جی اور بلڈ پریشر چیک کرنے کی اجازت دی۔

ڈاکٹرز کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ کو معدے میں تیزابیت کی شکایت ہوئی اور سینے کے پٹھوں میں درد تھا۔

پمز کے ڈاکٹروں نےتیزابیت اور پٹھوں کے درد کی دوائیں تجویز کیں۔

 ذرائع نے بتایا کہ بشریٰ بی بی نے کل دوپہر سینے میں جلن کی شکایت کی تھی۔ دن کے وقت اڈیالہ جیل کے ڈاکٹرز نے معائنہ کر کے سابق خاتون اول کو صحت مند قرار دے دیا تھا۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

ذرائع نے کہا کہ بعد ازاں پمز ڈاکٹرز کی ٹیم نے رات کے وقت بنی گالہ میں بشریٰ بی بی کا تفصیلی طبی معائنہ کیا۔

پمز ذرائع کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز نے سابق خاتون اول کو پمز ہسپتال کے ماہرین اور ماہر امراض دل سے معائنہ کروانے کی تجویز دی۔ اس کے علاوہ پمز ہسپتال کے ڈاکٹرز نے بشری بی بی کا طبی معائنہ کر کے انہیں صرف کھانے میں احتیاط کا مشورہ دیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بشریٰ بی بی کا الشفا ہسپتال میں میڈیکل چیک اپ ہوا تھا جس کی رپورٹس نارمل آئی تھیں۔

بشری بی بی کے ٹیسٹوں کے لیے 4 ڈاکٹرز پر مشتمل ٹیم تھی۔ ڈاکٹر عاصم یوسف بشری بی بی کے چیک اپ کے سپروائزر تھے۔ ڈاکٹر مسلم عتیق، ڈاکٹر عامر ڈاکٹروں کی ٹیم میں شامل تھے۔

ڈاکٹرز نے بشری بی بی کی صحت کو تسلی بخش قرار دیا تھا۔

بشریٰ بی بی کے کیے جانے والے میڈیکل ٹیسٹس میں ای سی جی، ایکو، الٹراساؤنڈ اور اینڈوسکوپی شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بشریٰ بی بی کو صرف گیسٹرو کا معمولی مسئلہ ہے ۔

ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی نے بلڈ ٹیسٹ کروانے سے انکار کیا تھا۔ 

مزیدخبریں