ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے موجودہ چیئرمین احسان مانی کو اگلے 3 سال کے لئے توسیع نہ دینے اور رمیز راجہ کو چیئرمین پی سی بی کی ذمہ داریاں سونپنے کے فیصلے سے آگاہ کیا۔
رمیز راجہ نے چیئرمین کرکٹ بورڈ کی ذمہ داریاں تفویض کرنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم رمیز راجہ کا نام بطور ممبر پی سی بی بورڈ آف گورنرز کو بھجوائیں گے، اور پی سی بی بورڈ آف گورنرز رمیز راجہ کو نیا چیئرمین پی سی بی منتخب کرے گا۔
معاملے کا پس منظر
ذرائع کا بتانا ہے کہ چیئرمین احسان مانی وزیراعظم کی توقعات کے مطابق ڈیلیور نہیں کر سکے اور وزیراعظم سجھتے ہیں کہ ان کا ویژن تجربہ کار کھلاڑی ہی پایہ تکمیل تک پہنچا سکتا ہے۔
ذرائع نے دعوی' کیا تھا کہ وزیراعظم کسی کرکٹر کو چیئرمین پی سی بی بنانے کے خواہش مند ہیں اور وزیراعظم کے پرانے ساتھی رمیز راجہ پی سی بی کی چیئرمین شپ کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔
ذرائع نے دعوی' کیا تھا کہ وزیراعظم رمیز راجہ کو چیئرمین پی سی بی بنانے کے حوالے سے ایک دو روز میں فیصلہ کریں گے۔
موجودہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی مدت 24 اگست کو ختم ہو رہی ہے جبکہ قومی ٹیم کے سابق کھلاڑی اور 92 کا ورلڈ کپ جیتنے والی پاکستانی ٹیم میں عمران خان کے ساتھ شامل رمیز راجہ ماڈرن کرکٹ سے بھی بخوبی آگاہ ہیں اور بحیثیت کمنٹیٹر وسیع تجربہ بھی رکھتے ہیں۔