تحریک انصاف نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں جواب داخل کروانے کے لیے وقت مانگ لیا

10:24 AM, 23 Aug, 2022

نیا دور
تحریک انصاف نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں فنڈز ضبط ہونے کے نوٹس کا جواب دینے کےلئے الیکشن کمیشن سے 4 ہفتے کا وقت مانگ لیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے واضح کیا کہ اتنا زیادہ وقت نہیں دے سکتے الیکشن کمیشن نے 6 ستمبر تک جواب طلب کر لیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ ضبط کرنے کے کیس کی سماعت کی تحریک انصاف کے وکیل شاہ خاور پیش نہ ہوئے، معاون وکیل نے بتایا کہ ان کے دوسرے وکیل انور منصوربھی سپریم کورٹ میں مصروف ہیں لہذا تحریک انصاف کومتعلقہ دستاویزات جمع کرانے اور جواب کیلئے وقت دیا جائے۔

جس پر چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ ساری دستاویزات تو پی ٹی آئی کیس میں دے چکی تھی معاون وکیل نے موقف اپنایا کہ پی ٹی آئی فارن چیپٹر سے بھی دستاویزات منگوانی ہیں جس قسم کا آرڈر آیا ہے بہت سی چیزوں کی تفصیل بتانی ہے،فنڈز ضبط ہونے کے نوٹس پر چار ہفتے کا وقت دیا جائے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اتنا وقت نہیں دے سکتے جس پر معاون وکیل نے استدعا کی کہ کم از کم دو ہفتے کا وقت تو دیا جائے جس پرچیف الیکشن کمشنر نے6 ستمبر تک وقت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
مزیدخبریں