1800 لوگوں نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے لیے مختص ہیلی کاپٹر کو استعمال کیا

11:21 AM, 23 Aug, 2022

عبداللہ مومند
1800 لوگوں نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے لیے مختص ہیلی کاپٹر کو استعمال کیا۔

چیئرمین نیب آفتاب سلطان نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ کے لئے مختص ہیلی کاپٹر کو گزشتہ سالوں میں 1800 لوگوں نے استعمال کیا اور ان لوگوں کو اجازت وزیر اعلیٰ کی جانب سے دی گئی تھی۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ اس کیس میں جتنا نقصان ہوا اس کو ریکور کرنا پڑے گا اور یہ ریکوری کا کیس ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے دو ہیلی کاپٹرز کی کمرشلائزیشن کی اجازت دی تھی اور مختلف کیسز میں ہیلی کاپٹر کو استعمال کرکے ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کی رقم نہیں دی۔

کمیٹی رکن برجیس طاہر نے بتایا کہ عمران خان اور 1800 دیگر لوگوں نے ہیلی کاپٹر استعمال کرکے پیسے نہیں دیے۔ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے چیئرمین نیب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ نے پیسے وصول نہیں کرنے تو کیس بند کردیں۔

قبل ازیں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے سابق پرنسپل سیکرٹری عمران خان اعظم خان کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں پیش نہ ہونے پر گرفتاری کے وارنٹ جاری کئے۔

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے ایف آئی اے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اعظم خان جس ائیرپورٹ پر دیکھے جائیں ان کو گرفتار کیا جائے۔

سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو بتایا کہ اعظم خان صاحب کے ساتھ مسلسل رابطہ کیا جارہا ہے مگر ان کے دونوں نمبر بند ہیں اور ان سے رابطہ نہیں ہورہا ہے۔
مزیدخبریں