احسن اقبال کو نارووال اسپورٹس کمپلیکس کرپشن کیس میں گرفتار کر لیا گیا

12:12 PM, 23 Dec, 2019

نیا دور

قومی احتساب بیورو (نیب ) نے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کو گرفتار کرلیا۔


ذرائع کے مطابق نیب نے احسن اقبال کو نارووال اسپورٹس کمپلیکس کرپشن کیس میں گرفتار کیا ہے۔نیب ترجمان نے بھی سابق وفاقی وزیر داخلہ کی گرفتاری کی تصدیق کردی ہے۔


ترجمان کے مطابق احسن اقبال کا آج طبی معائنہ کیا جائے گا جبکہ انہیں کل احتساب عدالت میں ریمانڈ کےلیے پیش کیا جائےگا۔نیب راولپنڈی نے انہیں آج نارووال اسپورٹس کمپلیکس کرپشن کیس میں طلب کر رکھا تھا۔


نیب راولپنڈی کے تفتیشی افسر نے نارووال میں مبینہ بدعنوانی کے معاملے کی تحقیقات کیں۔ نیب  کے تفتیشی افسر پی ڈبلیو ڈی کی ٹیم کے ہمراہ نارووال کا دورہ بھی کر چکے ہیں۔


مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے احسن اقبال کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کو کنٹرول کرنے کے لیے نیب کو استعمال کیا جا رہا ہے۔ طلال چوہدری نے کہا کہ احسن اقبال کی گرفتاری نیب اور عمران خان کا گٹھ جوڑ ہے، احسن اقبال جانتے تھےکہ انہیں گرفتار کیا جائےگا مگر وہ اپنے نظریے پر قائم رہے۔

گرفتاری سے کچھ دیر قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ احتساب کو سیاسی ایجنڈے کے ساتھ جوڑا جائے تو انتقام بنتا ہے، عمران خان عالمی لیڈر بننے چلے تھے، داخلی استحکام بھی تباہ ہو گیا ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ناروال اسپورٹس سٹی کا مقدمہ میڈیا کے سامنے کریں، میڈیا ٹرائل بند کریں، عمران کو کہتا ہوں ن لیگ دھمکیوں سے جھکے گی نہیں، یہ ملک ہمارا ہے۔
مزیدخبریں